حکومت نے وعدہ کی تکمیل کی، مزید 4 ہزار کروڑ کی جلد اجرائی
حیدرآباد ۔29۔ مئی (سیاست نیوز) ریونت ریڈی حکومت نے سرکاری ملازمین سے ایک اور اہم وعدہ کی تکمیل کی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کی ہدایت پر پہلے مرحلہ میں سرکاری ملازمین کے بقایہ جات کے طور پر 2000 کروڑ جاری کئے گئے ۔ حکومت نے سرکاری ملازمین کی بھلائی سے متعلق اپنے عہد کا مظاہرہ کیا ہے ۔ ملازمین کے ساتھ صرف زبانی وعدے نہیں کئے گئے بلکہ عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر نے ملازمین کی جے اے سی کو اندرون 100 دن 6000 کروڑ کے بقایہ جات کی اجرائی کا وعدہ کیا تھا جو کئی برسوں سے زیر التواء ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر کی ہدایت پر اسپیشل چیف سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطانیہ نے پہلے مرحلہ میں 2000 کروڑ کی اجرائی کے احکام جاری کئے ۔ رقم کی اجرائی سے وظیفہ یاب ملازمین کے بقایہ جات مکمل جاری کردیئے گئے۔ ریٹائرڈ ملازمین کے جی پی ایم بقایہ جات صد فیصد جاری کردیئے گئے۔ مئی 2025 تک کے تمام بقایہ جات جاری کردیئے گئے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ بقایہ جات کے طور پر مزید 4 ہزار کروڑ آئندہ دنوں میں جاری کئے جائیں گے اور یہ رقم ملازمین کے اکاونٹ میں جمع کردی جائیگی۔ ملازمین کی تنظیموں اور قائدین نے 2 ہزار کروڑ کی اجرائی پر چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔ 1/k