ٹیچرس کی ترقی وتبادلوں کو منظوری، عنقریب شیڈول کی اجرائی
حیدرآباد۔/15 جنوری، ( سیاست نیوز) حکومت نے سرکاری اساتذہ کیلئے سنکرانتی کے تحفہ کا اعلان کیا ہے جس کے تحت سرکاری اور مجالس مقامی اسکولوں کے ٹیچرس کو ترقی و تبادلوں کو منظوری دی گئی۔ وزیر فینانس ہریش راؤ اور وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے ٹیچرس کیلئے ترقی اور تبادلوں کی اجازت کے ساتھ خصوصی تحفہ دیا ہے۔ ٹیچرس کے تبادلوں اور ترقی کے شیڈول کا دو تین دن میں اعلان کیا جائیگا۔ پہلے مرحلہ میں ہیڈ ماسٹرس کے تبادلے ہونگے جس کے بعد ٹیچرس کو 9266 جائیدادوں پر ترقی دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ کستوربا گاندھی بالیکا ودیالیہ اور ماڈل اسکولس میں برسر خدمت ٹیچرس کے تبادلے عمل میں آئیں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ تمام امور ویب پر مبنی کونسلنگ سسٹم کے ذریعہ شفافیت کے ساتھ مکمل کئے جائیں گے۔ انہوں نے ٹیچرس کی تنظیموں سے اپیل کی کہ ترقی اور تبادلوں کی بہتر طور پر انجام دہی میں حکومت سے تعاون کریں۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کے مطابق 23 اپریل سے عمل آوری ہوگی تاکہ ایس ایس سی سرکاری امتحانات میں حصہ لینے والے طلبہ کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ حکومت کے فیصلہ کا ٹیچرس کی تنظیموں نے خیرمقدم کیا ہے۔ر