سریدھر بابو کی مرکزی وزراء اشونی ویشنو اور گجیندر سنگھ شیخاوت سے ملاقات

   

انفارمیشن ٹکنالوجی اور سیاحت شعبہ جات میں ترقی کیلئے مرکز سے تعاون کی اپیل،سیمی کنڈکٹر مشن میں تعاون کی پیشکش

حیدرآباد۔/15جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے مرکزی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی اشونی ویشنو سے نئی دہلی میں ملاقات کی اور ہندوستان میں سیمی کنڈکٹر مشن کی غیر معمولی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ سریدھر بابو نے ہندوستان کے سیمی کنڈکٹر ایکو سسٹم میں تلنگانہ کے تعاون اور حصہ داری سے واقف کرایا اور مرکزی وزیر سے درخواست کی کہ ملک کے سیمی کنڈکٹر ویژن کی ترقی میں تلنگانہ کے رول میں تعاون کریں۔ سریدھر بابو نے تلنگانہ میں ڈیٹا سنٹرس کیلئے نیشنل ڈیزاسٹر ریکوری زون کی ضرورت سے واقف کرایا جس کے تحت ڈیٹا سیکوریٹی کے معاملہ میں تلنگانہ غیرمعمولی ترقی کرسکتا ہے۔ ریاستی وزیر نے تلنگانہ میں آرٹیفیشل انٹلیجنس اور سائبر سیکوریٹی شعبہ جات میں پیشرفت کی تفصیلات سے واقف کرایا اور مرکزی وزیر کو 24 فروری کو حیدرآباد میں منعقد ہونے والی بائیو ایشیا سمٹ میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں سیمی کنڈکٹر کی ترقی اور تلنگانہ میں ایکو سسٹم کو عصری بنانے کیلئے تلنگانہ اہم رول ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ سریدھر بابو نے مرکزی حکومت سے تلنگانہ کے اقدامات میں تعاون کی درخواست کی۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی وزیر نے تلنگانہ کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ سریدھر بابو نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر سیاحت و کلچر گجیندر سنگھ شیخاوت سے ملاقات کی۔ انہوں نے تلنگانہ میں سیاحت بالخصوص کالیشورم، منتھنی اور رام گیری علاقوں میں سیاحت کے فروغ کے امکانات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت قدرتی خوبصورتی اور تہذیب اور وثقافت کے شاہکاروں کو سیاحتی مقامات کے طور پر ترقی دینا چاہتی ہے۔ کالیشورم مکتیشور مندر کو سیاحتی مرکز میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کالیشورم مندر کی تاریخ سے واقف کرایا اور کہا کہ یہ مندر 1200 سال کی تاریخ رکھتا ہے اور مندر کے تحت رام گیری قلعہ موجود ہے۔ انہوں نے سودیش درشن مرکزی اسکیم کے تحت تلنگانہ میں میگا ٹورازم ہب کے قیام کیلئے تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے مرکزی حکومت کی مساعی قابل قدر ہے۔ 1