سرینگر ۔ جموں قومی شاہراہ ایک مرتبہ پھر بند

,

   

سری نگر،20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر کو ملک وبیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ کئی مقامات پر چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے چہارشنبہ کے روز ایک بار پھر ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے بند رہی۔ ایک ٹریفک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ رام بن اور رامسو سیکٹرمیں شبانہ بارشوں کی وجہ سے کئی مقامات پر تازہ چٹانیں کھسک آئیں اور جواہر ٹنل پر صبح کو تازہ برف باری ہوئی جس کے باعث مسافروں کے تحفظ کے پیش نظر شاہراہ کو چہارشنبہ کے روز ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا اور بیکن نے مشینری اور افرادی قوت کو شاہراہ سے چٹانوں کے ملبے کو ہٹانے کے لئے کام پر لگایا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ شب جموں جارہی کچھ گاڑیاں چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے رام بن اور رامسو علاقے کو پار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکیں لہذا ٹریفک بحال ہونے کے بعد پہلے ان ہی درماندہ گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ بدھ کی صبح سینکڑوں گاڑیاں جو بدھ کی صبح جموں سے کشمیر روانہ ہوئی تھیں کو ادھم پور اور رام بن کے درمیان ٹھہرایا گیا ہے ۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے جموں کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران درمیانی درجے کے برف وباراں کی پیش گوئی کی ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ صوبہ لداخ کو ودی کے ساتھ جوڑنے والی قومی شاہراہ اور 86 کلو میٹر طویل تاریخی مغل روڑ سال گذشتہ کے ماہ دسمبر سے لگاتار بند ہیں۔