سری لنکا ملکی کرنسی چھاپنا کم کر دے گا: وکرماسنگھے

   

کولمبو : دیوالیہ ہو چکی اور انتہائی برے اقتصادی حالات کا شکار جنوبی ایشیائی ملک سری لنکا کے وزیر اعظم رانیل وکریماسنگھے نے کہا ہیکہ ان کی حکومت کی کوشش ہیکہ ملکی کرنسی روپے کو جلد از جلد دوبارہ مستحکم بنایا جائے۔ انہوں نے 22 ملین کی آبادی والی اس جزیری ریاست کی پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے منگل کوکہا کہ کولمبو حکومت مستقبل میں ملکی کرنسی چھاپنے کی شرح کم کر دے گی۔ وکرماسنگھے نے کہا کہ سال رواں کے آخر تک ملک میں افراط زر کی پہلے ہی بہت اونچی شرح میں مزید اضافہ کے بعد 60 فیصد ہو جانے کا خدشہ ہے۔ وزیر اعظم کے مطابق ان کی حکومت کی کوشش ہو گی کہ اگلے برس ملکی معیشت میں ترقی کی شرح کچھ بہتری کے بعد منفی ایک فیصد ہو جائے، تاہم موجودہ بحرانی حالات کم از کم اگلے برس کے آخر تک جاری رہیں گے۔