کولمبو: سری لنکا کے وزیر اعظم رانِل وکرمے سِنگھے کہتے ہیں کہ ملکی معیشت کو غیر یقینی کی صورتحال کا سامنا ہے اور فی الحال پٹرول کی دستیابی معدوم ہو گئی ہے۔پیر کوکولمبو سے جاری ایک بیان میں ورکمے سِنگھے کا کہنا تھا ’ہمارے پاس پٹرول ختم ہو چکا ہے۔ فی الحال ہمارے پاس صرف ایک دن کا پٹرول باقی ہے۔‘انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دیوالیہ ہوجانے والے ملک کو آئندہ مہینوں میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔وکرمے سِنگھے، جن کو گزشتہ ہفتے مہندا راجاپکسے کی جانب سے معاشی صورت حال پر ہونے والے مظاہروں کے نتیجے میں وزارت عظمیٰ کے عہدہ سے استعفیٰ دینے کے بعد وزیر اعظم بنایا گیا تھا، نے تمام سیاسی جماعتوں پر مبنی ایک قومی کونسل بنانے کی تجویز پیش کی ہے تاکہ جاری بحران کا حل تلاش کیا جاسکے۔ان کی جانب سے سری لنکا ایئر لائنز کی نجکاری کی بھی تجویز پیش کی گئی ہے۔سری لنکن وزیر اعظم نے مزید کہا ’اس وقت سری لنکن معیشت کو نہایت غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔ اگرچہ سابق حکوت کے بجٹ میں 2 ہزار 300 ارب سری لنکن روپے کے ریوینیو کا تخمینہ لگایا گیا تھا، اس سال کا حقیقی تخمینہ 1 ہزار 600 ارب سری لنکن روپے ہے۔