سری لنکا کرکٹ بورڈ کے تمام عہدیدار برطرف

   

کولمبو ۔ سری لنکا کے وزیر کھیل روشن رانا سنگھے نے رواں آئی سی سی ونڈے ورلڈکپ میں کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر کرکٹ بورڈ کے تمام عہدیداروں کو برطرف کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو ایک بیان میں وزیر کھیل روشن رانا سنگھے نے سری لنکا کرکٹ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اس پر بدعنوانی اورکرپشن کرنے کا الزام لگایا۔انہوں نے بورڈ ممبران سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔ اس کے بعد سری لنکا کرکٹ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا، جو بورڈ میں دوسرے سب سے بڑے عہدے پر فائز تھے، انہوں نے بورڈ کے ہیڈ کوارٹر کے باہر مداحوں کے احتجاج کے دوارن استعفیٰ دے دیا۔ 1996 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان ارجنا رانا تنگا کو بورڈ کا عبوری چیئرمین مقررکردیا گیا ہے۔ وزیرکھیل کی جانب سے نئی سات رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں سپریم کورٹ کے ایک سبکدوش جج اور بورڈ کے سابق صدر بھی شامل ہیں۔ سری لنکا اس وقت ورلڈ کپ کی ٹیموں کے جدول میں ساتویں مقام پر ہے جس نے سات میچوں میں صرف چار نشانات حاصل کیے ہیں۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم کا ریکارڈ دو فتوحات اور پانچ شکستوں پر مشتمل ہے۔ سری لنکا کو مطلوبہ چوتھے مقام اور سیمی فائنلز میں رسائی کے لیے اپنے بقیہ دو میچ جیتنے ہوں گے۔ دو نومبر کو آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 33 ویں میچ میں ہندوستان نے سری لنکا کو 302 رنزکے بھاری فرق سے شکست دے دی۔ ہندوستان کی جانب سے دیے گئے 358 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 55 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔