راجشاہی، 22 اپریل (یو این آئی) کپتان چماری اٹاپٹو(تین وکٹ اور 40 رن)، ہرشیتا سمر وکرما (50) اور ہنسما کرونارتنے (40) کی شاندار کارکردگی کی بدولت سری لنکا کی خواتین ٹیم نے بدھ کو دوسرے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش کو 70 گیندیں باقی رہتے چار وکٹ سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ سری لنکا نے تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر لی۔ چماری اٹاپٹو کو ان کی بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پر “پلیئر آف دی میچ” قرار دیا گیا۔آج یہاں بنگلہ دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا، تاہم سری لنکا کے گیندبازوں نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے پوری ٹیم کو 45.5 اوورز میں 165 رنز پر سمیٹ دیا۔ کپتان نگار سلطانہ نے سب سے زیادہ 58 رنز بنائے ، جبکہ شرمین سلطانہ (25)، ناہیدہ اختر (20)، ریتو مونی (17)، شورنا اختر (16) اور رابعہ خان (15) نے کچھ جدوجہد کی۔۔ دیگر بلے باز دہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے ۔سری لنکا کی جانب سے چماری اٹاپٹو نے تین وکٹ حاصل کیے ، جبکہ ملکِی مدارا، نیمشا میپیج اور انوکا راناویرا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کویشا دلہاری نے ایک وکٹ لی۔ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے 38.2 اوورز میں 6 وکٹ پر 166 رنز بنا کر میچ چار وکٹ سے جیت لیا۔ کپتان چماری اٹاپٹو نے 39 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے ، جبکہ ہرشیتا سمر وکرما نے 76 گیندوں پر سات چوکوں کے ساتھ 50 رنز کی اننگز کھیلی۔ ہنسما کرونارتنے نے بھی 64 گیندوں پر 40 رنز بنا کر اہم کردار ادا کیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ناہیدہ اختر نے چار وکٹ حاصل کیے ، جبکہ سلطانہ خاتون اور ریتو مونی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔