سری نگر میں ماسک کی مفت تقسیم اور بغیر ماسک جرمانہ

   

سری نگر۔ اومی کرون کے پھیلاؤ کی مکمل روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے سری نگر انتظامیہ انتہائی متحرک و چوکس نظر آ رہی ہے ۔ انتظامیہ نے جہاں ایک طرف بین الاقوامی مسافروں کی سری نگر ہوئی اڈے پر ہی ٹیسٹنگ اور بعد ازاں ان کا کورنٹائن لازمی قرار دیا ہے وہیں لوگوں کے کورونا گائیڈ لائنز پر عمل در آمد کو یقنی بنانے کے لئے بھی مختلف النوع اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر سری نگر میں ہفتہ کے روز ان افراد پر جرمانہ عائد کیا گیا جنہوں نے فیس ماسک نہیں لگائے ہوئے تھے نیز محکمہ صحت کے اہلکار گاڑیوں پر نصب لوڈ اسپیکروں سے کورونا پروٹوکال پر عمل کرنے کے اعلانات کرتے ہوئے دن بھر شہر کا چکر لگا رہے تھے ۔ یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے بتایا کہ سری نگر کے تجارتی مرکز لال چوک میں متعلقہ محکمے کے اہلکار گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور راہگیروں کو بھی روک لیا اور جنہوں نے ماسکس نہیں لگایا تھا ان پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر لوگوں میں ماسکس تقسیم کئے گئے اور پہنائے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ماسکس نہیں پہنا تھا انہیں اومی کرون کے خدشات سے بھی باخبر کیا گیا ۔