میلبورن ۔ پاکستانی گھڑسوار عثمان خان نے کہا ہے کہ سر پر لگنے والی چوٹ کے بعد مختلف اثرات سے گزررہا ہوں ۔ چھڑی کے ساتھ چلتا ہوں اور زیادہ بولنے کی اجازت نہیں ہے۔ پاکستانی گھڑ سوار عثمان خان آسٹریلیا میں اولمپک کوالیفکیشن کے ایک ایونٹ میں خوفناک حادثے کا شکار ہو ئے تھے گزشتہ ماہ حادثے میں عثمان خان کے سر پر اور پسلیوں میں شدید چوٹیں آئیں جبکہ ان کا گھوڑا کشیر ہلاک ہوگیا تھا۔ عثمان خان ان دنوں میلبورن میں ہیں اور ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق صحت یابی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ سر پر شدید چوٹیں آئی تھیں اس لیے اس کے بعد اثرات سے گزر رہا ہوں ، ، چھڑی کے ساتھ چلتا ہوں اور کمرے میں بھی سن گلاسز کا استعمال کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت ضروری لیکن کم بولنے کی اجازت ہے تاکہ دماغ پر زور نہ پڑے ، زیادہ سے زیادہ آرام کو لازمی قرار دیا گیا ہے ، جلد آسٹریلیا کی میڈیکل ٹیم کے ساتھ ری ہیب کا عمل شروع کر دیا جائے گا ، میرا یقین ہے کہ اللہ میرے لیے اچھا کرے گا۔