سر کی خشکی کیسے ختم کریں؟

   

خشکی (Dandruff) سے مراد سر کی جلد پر پیدا ہونے والے بھوسی جیسے سفید چھلکے ہیں، جو بالوں میں جمع ہوتے رہتے ہیں۔جب ہم سر میں کنگھا کرتے یا کھجاتے ہیں تو یہ خشکی شانوں پر گرتی ہے۔بعض اوقات خشکی کی شکایت سر تک محدود نہیں رہتی، بلکہ پلکوں، چہرے اور ناک کو بھی متاثر کرتی ہے۔اگر آپ خشکی سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ذیل میں دیے گئے چند گھریلو طریقوں پر عمل کیجیے۔ نیم کے پتوں کو پیس کر ان کی لگدی (پیسٹ) بنا لیں۔ایک پیالی دہی لے کر اس میں یہ لگدی شامل کر لیں۔پھر اسے خوب اچھی طرح سر کی جلد پر لگا لیں۔بیس منٹ کے بعد سر دھو لیں، خشکی جاتی رہے گی۔نیم کے پتوں میں مانع وائرس و پھپوند خصوصیات ہوتی ہیں، جو سر کی خشکی ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔نیم کا تیل بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، یہ بھی خشکی ختم کرتا ہے۔یہ تیل بڑی سپر مارکیٹوں میں مل سکتا ہے۔ ایک پیالی میں دو انڈوں کی سفیدی نکال لیں۔اس میں ایک لیموں کا رس ملا کر 30 منٹ کیلئے سر پر لگا لیں۔پھر نیم کے صابن سے سر کو اچھی طرح دھو لیں، خشکی سے نجات مل جائے گی۔انڈے کی سفیدی میں لحمیات (پروٹینز) کی وافر مقدار ہوتی ہے، جو بالوں کی صحت کیلئے بہت فائدہ مند ہے۔لیموں کے رس میں پائی جانے والی حیاتین ج (وٹامن سی) خون کی گردش میں مدد دیتی اور کولاجن (Collagen) مادے میں اضافہ کرتی ہے، جو نہ صرف سر کی جلد کی صحت کیلئے ضروری و مفید ہے، بلکہ جلد کو جھریوں سے بھی بچاتا ہے۔ آملہ میں بھی حیاتین ج پائی جاتی ہے، جو سر میں خشکی کو ختم کرتی ہے۔اس میں مانع جراثیم خصوصیات ہوتی ہیں، جو خشکی اور سر کی خارش کی دشمن ہیں۔آملوں کو پیس کر سفوف بنا لیں۔پھر اس میں پانی اور تلسی کی چند پتیاں بھی پیس کر شامل کر لیں اور لگدی بنا لیں۔اس لگدی کو 30 منٹ کیلئے سر میں لگا لیں۔30 منٹ کے بعد کسی معیاری شیمپو سے سر دھو لیں، خشکی سے جان چھوٹ جائے گی۔ خشکی سے چھٹکارا پانے کیلئے میتھی کے بیج بھی مفید ہیں۔دو بڑے چمچے میتھی کے بیج لے کر انھیں رات بھر کیلئے بھگو دیں ۔ اگلی صبح یہ نرم ہو چکے ہوں گے۔ان نرم بیجوں کو پیس کر لگدی بنا کر سر میں لگا لیں۔30 منٹ کے بعد سر دھو لیں، خشکی غائب ہو جائے گی۔ بازار میں آملہ، ریٹھا اور سیکاکائی سے تیار کردہ شیمپو بھی ملتے ہیں۔انھیں استعمال کرنے سے بھی سر کی خشکی جاتی رہتی ہے۔ درج بالا طریقوں پر عمل کرنے کے ساتھ متوازن اور مقوی غذائیں کھانی بھی ضروری ہیں۔جسم کو درکار تمام غذائی اجزاء ملنے سے قوتِ مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے ۔حیاتین الف اور ب کی کمی سے بھی سر میں خشکی کی شکایت ہو جاتی ہے، لہٰذا ایسی غذائیں کھانی چاہئیں، جن میں یہ حیاتین موجود ہوں۔شکر، چائے یا کافی، مسالے، اچار، مشروبات اور میدے سے بنی ہوئی اشیاء سے پرہیز کرنا چاہیے۔خشکی ختم کرنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ روزانہ نرم دھوپ میں تقریباً آدھا گھنٹہ ننگے سر بیٹھا جائے اور نیم گرم پانی سے غسل کیا جائے۔جسمانی صحت اچھی رہے گی تو سر کی خشکی بھی جاتی رہے گی۔علاوہ ازیں سر میں اگر خشکی میں کمی محسوس نہ ہورہی تو نہاتے وقت روزانہ شیمپو استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ۔ ایک ہفتہ میں صرف دو بار ہی شیمپو استعمال کریں اور باقی دنوں میں سر کو پانی سے یوں ہی دھولیں جیسا کہ اوپر کہا گیا ہے کہ چائے یا کافی پینے پر ہم بہ آسانی کنٹرول کرسکتے ہیں ۔ یہ کوئی نشہ آور مشروبات نہیں کہ جن سے پیچھا چھڑانا مشکل ہو۔