سسٹم کی ناکامی چھپانے تبلیغی جماعت نشانہ : پاپولرفرنٹ

,

   

نئی دہلی۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) قومی صدرنشین پاپولر فرنٹ آف انڈیا او ایم اے سالم نے بیان کیا ہے کہ مرکز نظام الدین کے خلاف عائد کئے جارہے الزامات بے بنیاد ہیں اور حکومت دہلی اور میڈیا کا ایک گوشہ تیاری کے بغیر لاک ڈاؤن کے نتیجے میں پیدا شدہ پریشانیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے تبلیغی جماعت کو نشانہ بنارہے ہیں۔ ملک گیر بند کا جو کچھ بھی مقصد رہا ہو، سماجی فاصلہ قائم رکھنے کی کوششیں کئی جگہوں پر بری طرح ناکام ہوئیں کیونکہ پہلے سے معقول منصوبہ بندی نہیں کی گئی تھی اور یکایک چند گھنٹوں کی مہلت کے ساتھ لاک ڈاؤن کو لاگو کردیا گیا۔ مرکز نظام آباد نے لاک ڈاؤن شروع ہونے سے قبل اپنے تمام پہلے سے طئے شدہ پروگرامس منسوخ کردیئے تھے اور تمام متعلقین کو سرکاری ہدایات کی تعمیل کرنے کی ترغیب دی، تاہم لاک ڈاؤن معقول اقدامات کے بغیر شروع کردیا گیا جس کی وجہ سے لاکھوں بلکہ کروڑوں افراد کیلئے یہ اقدام سانحہ بن گیا۔ مزدوروں اور ان کی فیملیوں کے گروپ ہندوستان بھر میں پھنس گئے اور خاص طور پر تمام میٹرو شہروں میں پریشان کن صورتحال پیدا ہوگئی۔ یہ کورونا وائرس کی وباء پھیلنے کی ممکنہ وجوہات ہوسکتی ہیں، لیکن ریاستی حکومت اور بعض میڈیا ادارے سارا وبال تبلیغی جماعت پر ڈال رہے ہیں۔