سعودیہ۔ شام قونصلر خدمات کی بحالی ،بات چیت جاری

   

ریاض ؍ طرابلس: سعودی عرب اور شام دونوں ممالک کے درمیان قونصلر خدمات دوبارہ شروع کرنے کیلئے بات چیت کر رہے ہیں۔سعودی سرکاری ٹی وی الاخباریہ نے جمعرات کو وزارت خارجہ کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے خبر دی کہ ” مملکت کی خواہش کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ضروری قونصلر خدمات کی فراہمی کیلئے ، شام میں حکام کے ساتھ قونصلر خدمات دوبارہ شروع کرنے کیلئے بات چیت جاری ہے۔”اس سے قبل بین الاقوامی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ سعودی عرب اور شام نے ایک دہائی سے زیادہ عرصہ قبل منقطع ہونے والے سفارتی تعلقات بحال کر کے سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا ہے۔برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ریاض اور دمشق کے درمیان 10 مارچ کو چین کی ثالثی میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان تاریخی معاہدے پر دستخط کے بعد تیزی آئی ہے، دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات دوبارہ قائم کیے جائیں گے اور سات سال کی شدید کشیدگی کے بعد سفارتخانے دوبارہ کھولے جائیں گے۔سعودی عرب اور شام کے درمیان تعلقات کی بحالی عرب ممالک کی جانب سے اسد حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے سلسلے میں سب سے اہم پیش رفت ہوگی۔