سعودیہ ۔ تھائی دوطرفہ تعلقات کا مستقبل درخشاں

   

ریاض : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ تھائی لینڈ سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہوا بلکہ خوشحال مستقبل کی بھی امید پیدا ہوئی۔عرب نیوز کے مطابق رواں سال جنوری میں تھائی لینڈ کے وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان سرکاری سطح پر تعلقات بحال ہوئے اور 30 سالوں میں پہلی مرتبہ دونوں ممالک نے سفیر تعینات کیے۔ اس کے بعد تھائی لینڈ میں 18 سے 19 نومبر کو ہونے والی ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن کے سربراہی اجلاس میں ولی عہد نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔تھائی لینڈ میں سعودی سفیر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السحیبانی نے عرب نیوز کو بتایا کہ 1975 میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات استوار ہونے کے بعد سے یہ پہلی مرتبہ ہے کہ سعودی سربراہان میں سے کسی نے بنکاک کا دورہ کیا ہو۔انہوں نے کہا کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات وسعت اختیار کرنے سے خوشحال مستقبل کی امید ہے۔’سعودی ویڑن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرتے ہوئے ایسے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے جن سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ معاشی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دیا جائے۔‘