سعودی باشندوں کیلئے ترکی اب پسندیدہ تفریحی مقام نہیں

   


جدہ ۔ تفریحی سفر کے حوالے سے سعودی شہری اپنی خاص شناخت رکھتے ہیں تاہم کورونا وائرس سے پھیلنے والی عالمی وبا اور اسکے نتیجے میں ہونے والے لاک ڈاؤنز نے دنیا بھر میں سیاحتی صنعت کو متاثر کیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق کورونا وائرس کی ویکسین کی دستیابی کے باعث سیاحتی صنعت کی بحالی کی امیدیں ایک مرتبہ پھربڑھ گئی ہیں۔ سعودی شہری ایک بار پھر دنیا بھر کی سیر کرنے اور اپنی پسندیدہ منازل دوبارہ دیکھنے کے لئے انتہائی تجسس کے ساتھ انتظار کر رہے ہیں۔ایک وقت تھا جب ترکی سیاحتی اعتبار سے سعودی باشندوں کی پسندیدہ منازل میں شامل تھا لیکن اب سیکیورٹی وجوہات کی بنا پریہ بین البراعظمی ملک سعودی سیاحوں کا انتخاب نہیں رہا۔سیکیورٹی کے خدشات نے ترک سیاحتی شعبے کو نقصان پہنچایا ہے۔ سیاحوں کی تعداد میں کمی نے ترک معیشت کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ ترک وزارت ثقافت و سیاحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال اگست میں ترکی آنے والے سعودی سیاحوں کی تعداد میں اس سے پہلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں واضح کمی آئی جو 28 فیصد سے زیادہ تھی۔