سعودی سیاحت میں 4 لاکھ سے زائد ای ویزے جاری

   


ریاض ۔ سعودی وزارت سیاحت نے تصدیق کی ہے کہ ستمبر 2019 سے آن لائن سیاحتی ویزوں کے اجراکے طریقہ کار کا آغاز ہوا تھا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت نے واضح کیا ہے کہ اس سسٹم کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران چار لاکھ سے زائد سیاحتی ویزے جاری کئے گئے ہیں۔سیاحتی ویزا سسٹم کے تحت 49 ممالک کے شہریوں کو ای ویزا کے لئے آن لائن درخواست دینے یا پہلی مرتبہ سعودی عرب آنے پر ویزا حاصل کرنے کا موقع ملاہے۔وزارت سیاحت نے بتایا ہے کہ اس نئے سسٹم نے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے، قومی معیشت کو ترقی دینے اور اس شعبے کے لئے ملازمت کے مواقع بڑھانے میں مدد کی ہے۔ سیاحت کے فروغ کا مقصد سعوددی عرب میں 2030 تک بنیادی ملکی مصنوعات (جی ڈی پی) میں سیاحت کے شعبے کی شراکت کو10 فیصد تک بڑھانا ہے۔وزارت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اس نے سیاحت کے شعبے کی مدد کے لئے 160 ملین ریال کے قرضے فراہم کئے ہیں۔سعودی عرب میں تشکیل دی گئی سعودی سیاحت اتھارٹی کے تحت 9 ارب ڈالر کا سیاحتی ترقیاتی فنڈ شروع کیا گیا ہے جو 4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے علاوہ 5 ارب ڈالر خانگی بینکوں کے ساتھ معاملات طے کر کے رکھے جائیں گے۔