سعودی عرب اور روس کی اوپیک پلس کے فیصلے کی پھر تائید

   

ریاض : سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے جمعرات کے روز ریاض میں روسی نائب وزیراعظم اور مشترکہ کمیٹی میں روسی فریق کے سربراہ الیگزینڈر نوواک سے ملاقات کی۔ الیگزینڈر نوواک ان دنوں سعودی عرب کے دورہ پر ہیں۔ دونوں رہنماؤں کی بات چیت میں مشترکہ کمیٹی کے اگلے اجلاس کی تیاری موضوع سخن رہی۔ مشترکہ کمیٹی کے کام کے فریم ورک کے اندر رہ کر سعودی عرب اور روس کے تعلقات کو فروغ دینے پر بھی گفتگو کی گئی۔انہوں نے تیل کی عالمی منڈی کے حالات اور مارکیٹ میں استحکام اور توازن برقرار رکھنے کیلئے اوپیک پلس گروپ کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے گزشتہ اکتوبر میں اوپیک پلس کی جانب سے پیداوار میں 2023 تک کے آخر تک یومیہ دو ملین بیرل کمی کے فیصلے کیلئے دونوں ملکوں کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی منڈی کے استحکام اور توازن کو بڑھانے کیلئے اوپیک پلس گروپ کے فریم ورک کے اندر رہ کر آپسی تعاون کو جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔