ریاض۔ 14 ستمبر (ایجنسیز) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان قریبی رابطہ کاری اور خلیجی ممالک کی جانب سے متحدہ موقف اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ٹیلی فون پر ہوئی بات چیت کے دوران سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے متحدہ عرب امارات کے نائب
وزیر اعظم و وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان کے ساتھ خطہ میں تیزیسے بدلتی صورتحال اور مزید کشیدگی کو روکنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے اپنے موقف میں ہم آہنگی پیداکرنے اور ریاض و ابوظہبی کے درمیان مشاورت کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ مشترکہ خلیجی اقدامات کی حمایت کی جاسکے اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک کی سلامتی اور وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ یہ ٹیلی فونک رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خلیجی ممالک پر دوبارہ حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ ان میں حالیہ حوثی حملے بھی شامل ہیں، جن میں جنوبی سعودی عرب میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے نئی دہلی میں منعقدہ برکس سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب کی قومی سلامتی، علاقائی سالمیت اور وسائل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے خبردارکیا کہ جی سی سی ممالک اپنی سرزمین، تنصیبات یا اہم مفادات پر حملوں کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے اس کے ساتھ ہی محاذ آرائی کے بجائے کشیدگی میں کمی اور سفارتی کوششوں کی جانب توجہ مرکوز کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں پائیدار سلامتی کا انحصار خودمختاری کے احترام، اندرونی معاملات میں عدم مداخلت اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے قیام پر ہے۔