سعودی عرب ایکسپو 2030 کی میزبانی کا مضبوط دعویدار

   

ریاض : بین الاقوامی نمائش بیورو(بی آئی ای) کے سیکریٹری جنرل دمتری کرکنٹزیزنے کہا ہے کہ سعودی عرب نے عالمی نمائش 2030 کی میزبانی کیلئے ایک ‘مضبوط’ کیس پیش کیا ہے۔بی آئی ای کا جائزہ مشن گذشتہ ہفتہ الریاض کے دورے پر پہنچا تھا۔اس کا مقصد ایکسپو کی میزبانی کی ملک کی تجویز کا جائزہ لینا تھا۔الریاض میں قیام کے دوران میں وفد نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے علاوہ متعدد وزراء اور عہدے داروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔انھوں نے مملکت کی امیدواری کے بارے میں مزید وضاحت کی۔وفد نے الریاض ایکسپو 2030 کی مجوزہ جگہ کا بھی دورہ کیا اور اسے ہائی ٹیک پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم سے متعارف کرایا گیا جو شہر کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے کا محور ہے۔سیکریٹری جنرل نے دورے کے اختتام پر ایک نیوزکانفرنس میں کہا کہ ’’ہم نے سعودی عرب کے جن احباب اور عہدے داروں سے بھی بات چیت کی ہے، ہم نے ان سب کو اس منصوبے کیلئے ناقابل یقین حدتک پْرعزم پایا ہے۔اس میں کوئی شک نہیں کہ سعودی عرب اور الریاض کے پاس ایکسپو کی میزبانی کیلئے ہر ضروری چیز موجود ہے‘‘۔دمتری کرکنٹزیزنے کہا کہ’’الریاض میں جو پیش رفت دیکھنے کو مل رہی ہے،وہ سعودی عرب کو ایکسپو کیلئے مسابقتی امیدوار بنانے میں اہم کردارادا کرتی ہے۔
اس ضمن میں شہر کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع ایک لازمی عنصر ہے جواس طرح کی ایکسپو کی ضروریات کو مکمل طور پر پورا کرتا ہے‘‘۔سعودی عرب نے ستمبر 2022 میں الریاض میں ورلڈ ایکسپو 2030 کی میزبانی کیلئے باضابطہ طور پر اپنی جامع درخواست جمع کرائی تھی۔ وہ یکم اکتوبر 2030 سے 31 مارچ 2031 تک الریاض میں عالمی نمائش کی میزبانی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کا موضوع ’’تبدیلی کا دور:ایک دوراندیش کل کیلئے ایک ساتھ‘‘ہے۔بی آئی ای کی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب سے شروع ہونے والا یہ مشن ایکسپو کے انعقاد کیلئے مقابلے میں تین دیگرامیدوارممالک کا دورہ کرے گا۔ان میں یوکرین، جمہوریہ کوریا اور اٹلی شامل ہیں۔میزبان ملک کے حتمی انتخاب سے قبل ان چار امیدوار ممالک میں سے ہر ایک کے جائزے کا مرحلہ لازمی ہے۔