سعودی عرب سرمایہ کاری کیلئے بہترین ممالک میں شمار

   

ریاض ۔ سعودی عرب تجارت و سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور سہولیات فراہم کرنے میں دنیا کے بہترین ممالک میں شامل ہوگیا ہے۔ماہرین نے کہا ہے کہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی پالیسیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ 2030 تک سعودی عرب کا شماردنیا کے 10 بہترین ممالک میں ہو جائے گا۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ورلڈ بینک کے تحت تجارت اور سرمایہ کاری کی کمیٹی کی ترتیب شدہ رپورٹ میں تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے میں سعودی عرب نے خاطر خواہ ترقی کی ہے۔2019 میں سعودی عرب سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے والے ملکوں کی فہرست میں 141 ویں مقام پر تھا، اب 2020 میں 38 ویں مقام پر آگیا ہے۔سعودی عرب نے بین الاقوامی مقابلہ جاتی ماحول کے انڈیکس میں 141 ممالک کی فہرست میں 36 واں نمبر حاصل کر لیا ہے۔مقابلہ جاتی ماحول فراہم کرنے کے ضمن میں سعودی عرب مشرق وسطی کا واحد ملک ہے جس نے فہرست میں بہتری حاصل کی ہے۔اقوام متحدہ کے تحت الیکٹرانک تجارت کے انڈیکس میں بھی سعودی عرب بہترین 10 ممالک میں شامل ہے۔خواتین کو مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے بھی سعودی عرب نے 2020 کے انڈیکس میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔تاجروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے ضمن میں نئی کمپنی کی رجسٹریشن جہاں پہلے 15 دن میں ہوتی تھی، اب 30 منٹ میں ہونے لگی ہے۔