سعودی عرب میں آج سے کورونا قواعد میں نرمی

,

   

دو ویکسین والوں کیلئے کھلے مقامات پر ماسک کی پابندی ختم
ریاض:سعودی عرب نے اتوار 17 اکتوبر سے کورونا ایس او پیز میں نرمی کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اجتماعات کی اجازت دی جائے گی اور کورونا ویکسین کی دونو ں خوراکیں لینے والوں کے لیے ماسک پہننے کی کچھ پابندیاں ختم ہوں گی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’کھلے مقامات پر کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والوں کے لیے اب ماسک کی پابندی لازمی نہیں ہوگی تاہم ان بند مقامات میں ماسک کی پابندی کرنا ہوگی‘۔بیان میں کہا گیا کہ ’سماجی فاصلے کے ضوابط کو بھی آسان بنایا جا رہا ہے۔عوامی مقامات، ٹرانسپورٹ، ریستوران، سنیما گھروں اور دیگر اجتماعات میں توکلنا ایپ کی پابندی کے ساتھ ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والے لوگوں کے لیے پوری گنجائش کے مطابق کام کرنے کی اجازت دی جائے گی‘۔وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ’مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں پوری گنجائش کے مطابق زائرین کو آنے کی اجازت ہوگی۔ ویکسین کی دونوں خوراکیں حاصل کرنے والے زائرین ماسک کی پابندی اورعمرہ ٹریکنگ ایپ استعمال کرتے ہوئے عمرہ ادا کرسکیں گے۔ کارکنوں کو بھی ماسک کی پابندی کرنا ہوگی‘۔’شادی ہالوں میں ہونے والی تقاریب میں اب تعداد پر کوئی پابندی نہیں ہو گی تاہم اس میں شریک افراد کو ماسک سمیت باقی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا‘۔ذرائع نے بتایا کہ مملکت کورونا ویکسینیشن کی کامیاب مہم، متاثرین کی تعداد میں نمایاں کمی اور وزارت صحت کی جانب سے جاری سفارشات کی روشی میں کورونا ایس او پیز میں نرمی کی منظوری دی گئی ہے۔مسجد الحرام اور مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق اتوار 17 اکتوبر سے نئے ضوابط پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ سعودی عرب نے سماجی فاصلے کی پابندی ختم کرتے ہوئے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں مکمل گنجائش کے ساتھ زائرین اور نمازیوں کو آنے کی اجازت دے دی ہے۔