سعودی عرب میں خواتین کا پہلا فٹبال ٹورنمنٹ

   

۔24 ٹیموں کے 600 کھلاڑی ایکشن میں ہوں گی

ریاض ۔ سعودی عرب میں خواتین کے پہلے فٹبال ٹورنمنٹ کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق ٹورنمنٹ سعودی لیگ کے تحت کام کرنے والے شعبہ خواتین کی نگرانی منعقد ہو رہا ہے۔خواتین کے ٹورنامنٹ میں 24 ٹیمیں اور 600 کھلاڑی شامل ہیں۔ٹورنمنٹ جیتنے والی فاتح ٹیم کو لیگ کی طرف سے کپ اور 5 لاکھ ریال انعام دیا جائے گا۔شعلۃ الشرقیہ فٹبال ٹیم کی کوچ مرام البتیری نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم ٹورنمنٹ کے لیے گزشتہ 6 ہفتوں سے تیاری کر رہی ہے۔اس سے پہلے بھی کھلاڑی پریکٹس کر رہی تھیں لیکن کورونا کے باعث ان میں رکاوٹ آگئی۔انہوں نے کہا ہے کہ پہلے ٹورنمنٹ اور تجربہ نہ ہونے کی وجہ سے غیر معمولی کارکردگی کی توقع نہیں تاہم سعودی خواتین اچھا کھیل پیش کریں گی۔ اچھی بات یہ ہے کہ ٹورنمنٹ کا باقاعدہ آغازہوچکا ہے، یہ بذات خود اچھی پیشرفت ہے، وقت کے ساتھ اچھے کھیل کا بھی مظاہرہ ہوگا۔واضح رہے کہ خواتین کے فٹبال ٹورنمنٹ میں کھلاڑیوں سمیت پورا عملہ خواتین پر ہی مشتمل ہے۔24 ٹیموں کو تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، دمام، ریاض اور جدہ گروپ ہیں، ہر گروپ کی ٹیموں کا پہلے آپس میں مقابلہ ہوگا۔ بعد ازاں جیتنے والی ٹیموں کا مقابلہ ہوگا۔