سعودی عرب میں سیاحتی سیزن کا آغاز

   


ریاض ۔ سیاحتی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ سعودی میں موسم سرما کا آغاز ہو چکا ہے جو مارچ 2021 کے اختتام تک جاری رہے گا۔سیاحتی کمیشن کی جانب سے مملکت کے مختلف تفریحی و سیاحتی مقامات کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں 17 تاریخی و دیگر تفریحی مقامات ہیں جومقامی اور غیرملکی سیاحوں کی دلچسپی کا باعث ہیں۔ میڈیا نے سیاحتی کمیشن کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ مملکت کے خانگی شعبہ میں 200 سے زائد سیاحتی ایجنسیاں ہیں جو مملکت کے ان سیاحتی و تفریحی مقامات کے لیے پرکشش پیکیجز جاری کر رہی ہیں۔سیاحتی کمیشن نے سردی آپ کے اطراف میں کے عنوان سے پروگرام کا آغازکیا ہے جس کے تحت 300 سے زائد تفریحی پیکیجز متعارف کروائے گئے ہیں۔سعودی میں17 ایسے مقامات ہیں جو سیاحت کے شوقین افراد کے لئے دلچسپی کا باعث ہو سکتے ہیں۔سیاحتی کمیشن نے ان مقامات کو مختلف زمروں میں تقسیم کیا ہے جن میں تاریخی مقامات کیلئے العلا ، الدرعیہ اور الاحسا کو منتخب کیا ہے جبکہ سمندری تفریح کے لئے ینبع ، املج ، جازان قابل ذکر ہیں۔ بڑے شہروں میں آنے والوں کے لئے ریاض، جدہ، دمام اور الخبر، سرد مقامات کے شوقین افراد کے لیے تبوک، الجوف اور حائل جبکہ پہاڑی تفریح گاہوں کے لئے طائف، الباحہ اور عسیر کو منتخب کیا گیا ہے۔