سعودی عرب میں پھنسے آندھراپردیش کے ورکر کی واپسی‘ نارا لوکیش کی کامیاب مساعی

   

حیدرآباد 26 جولائی (سیاست نیوز) سعودی عرب میں پھنسے آندھراپردیش کے ایک شخص کی واپسی میں وزیر آئی ٹی نارا لوکیش نے اہم رول ادا کیا۔ لوکیش کی مساعی سے ڈاکٹر امبیڈکر کونا سیما ضلع کے ایس ویریندر کمار سعودی عرب سے راجیو گاندھی ایرپورٹ حیدرآباد پہونچے جہاں افراد خاندان نے استقبال کیا۔ ویریندر کمار نے لوکیش اور تلگودیشم این آر آئی فورم سے اظہار تشکر کیا جنھوں نے مرکزی حکومت سے نمائندگی کرکے بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا ہے۔ لوکیش نے این آر آئی فورم کو ہدایت دی تھی کہ ویریندر کمار کی مدد کی جائے جنھوں نے ایک ویڈیو وائرل کرکے اپنی ابتر صورتحال سے واقف کرایا تھا۔ ویریندر کمار کو قطر میں ملازمت کا لالچ دے کر ایجنٹ نے دھوکہ دیا۔ 10 جولائی کو قطر پہونچنے کے بعد سعودی عرب منتقل کردیا گیا۔ ویریندر کے مطابق اُسے صحرائی علاقہ میں اونٹوں کی نگہداشت کے کام پر مجبور کیا گیا اور بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کی گئیں۔ ویریندر نے کہا تھا کہ اگر اُسے واپس نہیں بلایا گیا تو وہ خودکشی پر مجبور ہوجائے گا۔ نارا لوکیش نے ویریندر کی بروقت مدد کی ہے۔ نارا لوکیش کی مساعی سے جاریہ ماہ واپس ہونے والے ویریندر دوسرے شہری ہیں۔ 1