نیو یارک ،29 اپریل( یو این آئی) سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے اشتراک سے ہونے والی ایل آئی وی (لِو) گولف سیریز کا جون میں امریکی ریاست لوئیزیانا کے شہر نیو اورلینز میں شیڈول ایونٹ ملتوی کردیا گیا ہے ۔ اب یہ ٹورنمنٹ رواں سال ستمبر یا اکتوبر میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے ۔ایونٹ کو آگے بڑھانے کی بڑی وجوہات میں لوئیزیانا کی شدید گرمی اورسٹی پارک کے بایو اوکس کورس کو کھیل کے لیے بہترین حالت میں تیارکرنا بتایا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ منتظمین عالمی کپ (ورلڈ کپ) کے مقابلوں کے ساتھ ممکنہ ٹکراؤ سے بھی بچنا چاہتے ہیں۔ ریاستی گورنر جیف لینڈری اور سیکرٹری اقتصادی ترقی سوزن بورژوا نے ایک مشترکہ بیان میں بتایا کہ معاہدے کے تحت ریاست اب تک 32 لاکھ ڈالر ادا کرچکی ہے ، جس میں سے 20 لاکھ ڈالرگراؤنڈ کی بہتری پر خرچ ہو چکے ہیں، جبکہ بقیہ رقم لِوگالف انتظامیہ واپس کردے گی۔ واضح رہے کہ اس التوا کے باعث اب امریکہ میں10 مئی سے6 اگست تک لِو گولف کا کوئی ایونٹ نہیں ہوگا۔ اگرچہ مارکیٹ میں اس سیریزکے مستقبل کے حوالے سے مختلف افواہیں گردش کر رہی ہیں، تاہم ادارے کے چیف ایگزیکٹو سکاٹ او نیل نے کھلاڑیوں کو یقین دہانی کروائی ہے کہ 2026 کا سیزن طے شدہ منصوبے کے مطابق جاری رہے گا۔