تہران : سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں۔میڈیا ذرائع کے مطابق عرب نیوز نے العربیہ ٹی وی اور ایرانی سرکاری ٹی وی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہزادہ فیصل بن فرحان ایرانی صدر ابراہیم ریئسی اور اپنے ہم منصب حسین امیر عبداللھیان کے ساتھ ملاقات کریں گے۔توقع ہے کہ سعودی وزیر خارجہ تہران میں سعودی سفارت خانہ کا افتتاح بھی کریں گے۔ذرائع کے مطابق حالیہ ہفتوں میں دونوں ممالک نے اپنے سفارت خانے دوبارہ کھولے ہیں۔رواں برس مارچ میں چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت سفارتی تنازع ختم کرنے اور تعلقات کی بحالی پر اتفاق ہوا تھا۔ایران اور سعودی عرب کے درمیان کئی برسوں کی کشیدگی نے یمن، شام اور لبنان سمیت علاقائی استحکام کو خطرے میں ڈالا ہوا تھا۔