سعودی میں پھنسے بیرونی افراد کیلئے بہتر اقدامات کا امکان

   

ریاض۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب ہی نہیں دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہنگامی حالات کا سامنا ہے۔ وزارت صحت کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیارکرنے کی ہدایات مسلسل دی جارہی ہیں۔کورونا وائرس سے بچاؤ اور اسے پھیلنے سے روکنے کیلیے ہنگامی اقدامات کے تحت جدہ میں بھی کرفیو کے اوقات میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جبکہ مدینہ منورہ کے چھ علاقوں میں احتیاطی تدابیراختیار کرتے ہوئے 24 گھنٹے کا کرفیو لگا دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو گھروں تک محدود رکھا جاسکے۔سعودی وزارت صحت کی جانب سے موبائل پر مختصر پیغامات بھی ارسال کیے جارہے ہیں جن میں اس امر کی تاکید کی گئی ہے کہ اپنی حفاظت کرتے ہوئے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ کرفیو لگانے کا مقصد بھی حفاظتی اقدامات پر عمل کروانا ہے تاکہ لوگوں کو اس وائرس سے محفوظ رکھا جاسکے۔ اندورن ملک اور بین الاقوامی فضائی سفرپر بھی پابندی برقرار ہے۔میڈیا کی جانب سے مختلف حوالوں سے سوالات ارسال کیے جارہے ہیں جن میں بیشتر سوالات موجودہ حالات سے متعلق ہیں جن کے جواب حاضر خدمت ہیں۔سعودی عرب کی حکومت ہمیشہ حالات کے مطابق اقدامات کرتی ہے حکام کی جانب سے ہمیشہ انسانی پہلوؤں کو مدنظررکھا جاتا ہے۔موجودہ حالات کے تناظر میں بھی سعودی حکام کی جانب سے یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ جو کورونا وائرس کے سبب فضائی راستے بند ہونے کی وجہ سے سعودی عرب نہیں آسکے انہیں خصوصی رعایت دی جائے گی۔ وہ افراد جو چھٹی پروطن گئے ہوئے ہیں اور وقت مقررہ پر سعودی عرب نہیں آسکے، ان کے خروج و عودہ ( ایگزٹ ری انٹری ویزوں) کی مدت میں توسیع کر دی جائے گی۔