ممبئی کی رہائشی سوسائٹی میں قربانی پر پابندی

,

   

بی ایم سی کی نئی ہدایت کے بعد کشیدگی،لوگوں کو مجاز مذبح خانے جانے کی ہدایت

ممبئی 27 مئی:(ایجنسیز) بقرعید کے موقع پر عوامی مقامات اور رہائشی سوسائٹیوں میں جانوروں کی قربانی کے معاملے پر ممبئی سمیت کئی شہروں میں تنازعہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ ممبئی کے گورگاؤں ایسٹ علاقے کی ایک رہائشی سوسائٹی میں قربانی کی اجازت منسوخ کیے جانے کے بعد ماحول کشیدہ ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق گورگاؤں ایسٹ میں واقع سیٹلائٹ گارڈن فیز 2 میں رہائشیوں، بی ایم سی حکام اور پولیس کے درمیان ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ کے دوران انتظامیہ نے واضح کیا کہ سوسائٹی کے قریب تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر ایک مجاز مذبح خانہ موجود ہے، اس لیے قربانی وہیں انجام دی جائے۔بی ایم سی حکام نے بتایا کہ ابتدا میں انہیں سوسائٹی میں قائم کیے گئے عارضی شیڈ کے بارے میں مکمل معلومات نہیں تھیں۔ بعد میں معاملہ سامنے آنے پر شیڈ کی اجازت برقرار رکھی گئی، تاہم اس کے اندر جانوروں کی قربانی کی اجازت نہیں دی گئی۔انتظامیہ کے اس فیصلے کے بعد سوسائٹی کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ عوامی گراؤنڈ میں قربانی کے لیے علیحدہ مقام فراہم کیا جائے، لیکن انتظامیہ نے اس تجویز کو مسترد کردیا۔صورتحال کے پیش نظر علاقے میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے اور سکیورٹی اہلکار مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق فی الحال بکروں کو سوسائٹی میں رکھا جائے گا جبکہ قربانی کے لیے انہیں اگلے دن دوسری مجاز جگہ منتقل کیا جائے گا۔ادھر مہاراشٹرا کے تھانے ضلع کے میرا روڈ علاقے میں بھی بقرعید سے قبل عارضی شیڈ کی تعمیر اور قربانی کے جانور باندھنے کے معاملے پر تنازعہ سامنے آیا۔ اس دوران دو گروپوں کے درمیان تصادم ہوا جس میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی اور پولیس کو فوری مداخلت کرنا پڑی۔