سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ایس جے شنکر کی ملاقات

   

جکارتہ : سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے انڈونیشیا کے سیاحتی مقام بالی میں جی 20 اجلاس کے موقع پر اپنے ہندوستانی ہم منصب ڈاکٹرسبرامنیم جے شنکر سے ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور تعلقات کے فروغ اور ان میں اضافے کے طریقوں پرتبادلہ خیال کیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی رپورٹ کے مطابق ملاقات میں جمہوریہ انڈونیشیا میں خادم الحرمین الشریفین کے سفیراعصام الثقفی اور وزیرخارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمٰن الداؤد بھی موجود تھے۔الریاض میں ہندوستانی سفارت خانہ کی آن لائن رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 1947ء سے مضبوط دوستانہ خارجہ اور تجارتی تعلقات استوار ہیں۔موجودہ ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی نے اپریل 2016 میں الریاض کا دورہ کیا تھا۔اس موقع پرشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے انھیں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کے اعتراف میں سعودی عرب کے سب سے بڑے شہری اعزاز شاہ عبدالعزیز ساش سے نوازا تھا۔