امکان ہے کہ وہ وزیراعظم ہند نریندر مودی سے بات چیت کریں گے
اس ہفتہ جی20سمیٹ کے بعد سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان کا ریاست کا سرکاری دورہ کریں گے۔ اپنے اس دورے کے دوران وہ مختلف شعبوں میں باہمی معاہدات اور اشتراک پر بات چیت کریں گے۔ ان کی ہندوستان آمد ستمبر9-10کو جی 20سمیت میں شرکت کے لئے ہوگی اور ستمبر 11کو وہ ملک کا سرکاری دورہ کریں گے۔
اپنے ایک روزہ طویل دورے کے دوران سعودی ولی عہد جوسعودی عربیہ کے غیرمعلنہ حکمران اور ملک کے وزیراعظم کے عہدے کے بھی حامل ہیں امکان ہے کہ وہ وزیراعظم ہند نریندر مودی سے بات چیت کریں گے۔
حال ہی میں سعودی سفیر صالح عید الحسینی نے ہندوستان کے خارجی وزیرایس جئے شنکر سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے بعد جئے شنکر نے ٹوئٹ کیاتھا کہ ”تمام شعبہ حیات میں ہندوستان او ر سعودی عربیہ کے رشتوں میں ترقی او رمزیدپیش رفت کی طرف ہماری نظر ہے“۔
آخری مرتبہ 2019میں سعودی ولی عہدنے ہندوستان کا دورہ کیاتھا۔ چین کی طرف سے سعودی عربیہ اور ایران کے درمیان میں ثالثی کے بعد ولی عہدیہ پہلا دورہ ہے۔
درایں اثناء پاکستان کی جانب سے ولی عہد کے لئے دورے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سال 2019میں جب ولی عہد محمد بن سلمان نے ہندوستان کا دورہ کیاتھا‘ وہ پاکستان کے دورے پر بھی روانہ ہوگئے تھے۔
حالانکہ سرکاری طور پر اس کا کوئی اعلان ہوا ہے مگر اشارہ یہ ضرور مل رہا ہے کہ ہندوستان کے دورے کے دوران وہ پاکستان بھی جائیں گے۔
دونوں طرف سے کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے کیونکہ اس دورے کو وہ آخری لمحے تک خفیہ رکھنا چاہا رہے ہیں۔