سلامتی کونسل کے بیان سے پاکستان پر دباؤ بڑھا:ہندوستان

   

نئی دہلی، 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے جموں و کشمیر کے پلوامہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردانہ سرگرمیوں کو انجام دینے والے دہشت گردوں اور دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے بین الاقوامی دباؤ بڑھ گیا ہے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ٹویٹ کر کے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پلوامہ میں بزدلانہ خودکش حملہ کی سخت مذمت کی ہے۔ پاکستان پر پلوامہ حملہ کے سازش کرنے والوں اور اپنی سرزمین سے دہشت گردانہ کرتوتوں کو انجام دے رہے دہشت گردوں اور دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے بین الاقوامی دباؤ بڑھ گیا ہے ’’۔ خیال رہے اس حملے میں 40 جوان شہید ہو گئے تھے اور اس کی ذمہ داری پاکستان کی دہشت گرد تنظیم جیش محمد نے لی تھی ۔