آوارگانِ شوق کا پوچھا جو میں نے حال
اِک مشتِ خاک لے کے ہوا نے اڑا دیا
اترپردیش اسمبلی انتخابات کا وقت جیسے جیسے قریب آتا جا رہا ہے ویسے ویسے سیاسی سرگرمیوں میں شدت پیدا ہونے لگی ہے اور مختلف جماعتیں اپنی حکمت عملی کو قطعیت دینے میں مصروف ہیں ۔ بی جے پی اپنی انتخابی حکمت عملی بنا رہی ہے اور اس کے تحت اپنے کچھ آلہ کاروں کو بھی سرگرم کردیا گیا ہے ۔ انہیں بھی انتخابی میدان میں جھونکتے ہوئے بالواسطہ سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے ۔ ساتھ ہی سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے مابین بھی نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر بات چیت ہو رہی ہے ۔ سماجوادی پارٹی کے صدر اکھیلیش یادو نے واضح کیا ہے کہ کانگریس نے ریاست میں 181 اسمبلی نشستوں پر اپنا دعوی پیش کیا ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے یہ انکشاف کیا ہے ۔ کانگریس نے تاحال اس مسئلہ پر کوئی لب کشائی نہیں کی ہے اور یہ کہا گیا ہے کہ سماجوادی پارٹی سے بات چیت کا مکمل اختیار صرف پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کو دیا گیا ہے اور وہی اس مسئلہ پر کوئی قطعی فیصلہ کریں گی ۔ یہ کہا جا رہا ہے کہ کانگریس پارٹی بات چیت کے ذریعہ 150 نشستوں کے آس پاس تصفیہ کرنے کا ذہن رکھتی ہے ۔ دونوں جماعتوں کا جہاں تک معاملہ ہے تو ان کیلئے نشستوں کی تقسیم پر مفاہمت جتنی جلد ممکن ہوجائے اتنا بہتر ہے ۔ انہیں منظم حکمت عملی کے ساتھ انتخابی میدان میں اترنا چاہئے اور جو مخالفانہ پروپگنڈہ ہے اس کا جواب دینے اور سازشی عناصر کو ناکام بنانے کیلئے زیادہ وقت درکار ہوگا اور یہ اسی وقت ممکن ہوسکتا ہے جب نشستوں کی تقسیم پر کوئی واضح صورتحال پیدا ہوجائے اور دونوں جماعتوں کے مابین اتفاق رائے ہوجائے ۔ کانگریس نے اپنی جانب سے پرینکا گاندھی کو ذمہ داری دیتے ہوئے ایک اچھی پہل ضرور کی ہے اور اس کے نتیجہ میں دوسرے قائدین کو لب کشائی کا موقع نہیں ملے گا اور اس کے نتیجہ میں دونوں جماعتوں کے مابین کسی طرح کی الجھن یا غلط فہمی کے امکانات بھی کم رہ جائیں گے ۔
ملک میں جس طرح کا سیاسی ماحول پیدا ہوا ہے اور عوام میں جو سیاسی جذبات پیدا ہو رہے ہیں ان کو واقعتا سیاسی فائدہ میں تبدیل کرنے کیلئے منظم اور جامع حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہ حقیقت ہے کہ ملک میں بی جے پی کے خلاف رائے عامہ بن رہی ہے ۔ خاص طور پر نوجوان نسل اور خواتین بی جے پی سے بری طرح سے ناراض ہیں۔ ملک میں مختلف مواقع پر ہونے والے احتجاج اس بات کی گواہی ہیں کہ حکومت کے خلاف ناراضگی پیدا ہو رہی ہے ۔ خود بی جے پی کو بھی اس بات کا احساس ہوگیا ہے اور اسی لئے وہ اپنے آلہ کاروں کو وقت سے کافی پہلے سے میدان میں سرگرم کرچکی ہے ۔ وہ اپنی الگ سے حکمت عملی بناتے ہوئے بھی میدان میںا ترے گی ۔ وہ اس بات کی پوری کوشش کرے گی کہ مخالف حکومت ووٹوں کی تقسیم کے ذریعہ سیاسی فائدہ حاصل کیا جاسکے اور جو حکومت مخالف جذبات اور احساسات عوام میں پائے جاتے ہیں ان سے توجہ ہٹائی جاسکے ۔ ایسے میں سماجوادی پارٹی اور کانگریس کو بھی چوکس رہنے اور صورتحال کا پوری طرح سے کھل کر سامنا کرنے اور جواب دینے کی حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے ۔ اس کیلئے نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ کو جتنا ممکن ہوسکے جلد قطعیت دینے کی ضرورت ہوگی اور اس کا احساس کرتے ہوئے دونوں ہی جماعتوں کو جلد فیصلہ کرنا چاہئے ۔
یہ ہندوستانی سیاست کی ایک اٹل حقیقت ہے کہ دہلی کا راستہ اترپردیش سے ہوتے ہوئے جاتا ہے ۔ ایسے میں ساری توجہ اترپردیش میں بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرنے اور کامیابی حاصل کرنے پر مرکوز کی جانی چاہئے ۔ اتحادی جماعتوں میں الجھن اور غلط فہمیوں کی قطعی کوئی گنجائش نہیں رکھی جانی چاہئے اور ساری صورتحال کو دو ٹوک اور واضح کرتے ہوئے عوام کے درمیان پہونچنا چاہئے ۔ اترپردیش میں جو موقع بن رہا ہے اس سے فائدہ اٹھانے میں کسی طرح کی چوک نہیں ہونی چاہئے ۔
ایران جنگ ‘ باضابطہ اختتام ضروری
آج ساری دنیا میں جنگ و جدال کی کیفیت ہے اور اس کے اثرات ساری دنیا محسوس بھی کر رہی ہے ۔ دنیا کا ایک بڑا حصہ اس جنگ و جدال سے بیزار ہوچکا ہے اور وہ قیام امن کیلئے کوشاں ہے ۔ امریکہ میں وسط مدتی انتخابات کے فوری بعد جنگ ختم ہونے کے اشارے دئے گئے تھے تاہم اب بھی خطہ پر جنگ کی تلوار بدستور لٹکی ہوئی ہے ۔ امریکہ حالانکہ اس جنگ سے اپنے ہاتھ کھینچتا ہوا محسوس ہو رہا ہے تاہم جنگی جرائم کے الزامات کا سامنا کرنے والا بنجامن نتن یاہو ایک بار پھر سے ایران پر جنگ مسلط کرنے کا خواہاں ہے اور وہ امریکہ پر دوبارہ دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کرے ۔ نتن یاہو خود انتخابات میں شکست کھا چکا ہے تاہم وہ جنگ و جدال کا راستہ ترک کرنے کیلئے تیار نہیں ہے ۔موجودہ حالات میں ضرورت اس بات کی ہے کہ اس جنگ کا باضابطہ خاتمہ کردیا جائے اور دنیا کو امن کا ٹھوس اور واضح پیام دیا جائے ۔ ساری دنیا کی بہتری اور استحکام کیلئے اس جنگ کا فوری اور باضابطہ خاتمہ ضروری ہے اور اس جانب دنیا کو فوری توجہ دینی چاہئے ۔