عملی سیاست میں حصہ لینے کی خواہش، تلنگانہ بھون میں دلچسپ منظر
حیدرآباد 14 جون (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون میں آج اُس وقت دلچسپ منظر دیکھا گیا جب کئی نوجوانوں بالخصوص طالبات نے عملی سیاست میں حصہ لینے کے جذبہ کے تحت ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کی۔ عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والی ان طالبات نے کے ٹی آر سے ملاقات کرتے ہوئے موجودہ سیاسی نظام کے بارے میں بات چیت کی۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ طویل عرصہ سے سیاست میں حصہ لینے کی خواہش رکھتے ہیں اور وہ اِس سلسلہ میں رہنمائی کے خواہاں ہیں۔ تلنگانہ بھون جہاں عام طور پر پارٹی لیڈرس، ورکرس اور عوام موجود رہتے ہیں، وہاں 4 نوجوان لڑکیوں نے عوامی خدمت کے اپنے جذبہ کا اظہار کرتے ہوئے ہر کسی کو حیرت میں ڈال دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ سماج کی بہتری کے لئے سیاست میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ ایک گروپ کی شکل میں طالبات میں کام کررہی ہیں۔ کے ٹی آر نے طالبات کی جانب سے سیاست میں حصہ لینے کے جذبہ کی ستائش کی اور کہاکہ ایسے وقت جبکہ طلبہ بہتر ملازمت کے ذریعہ اپنے تابناک مستقبل کی فکر کرتے ہیں، اِن طالبات نے سماج کی خدمت کا فیصلہ کیا ہے۔ کے ٹی آر نے کہاکہ وہ طالبات کے جذبہ سے بیحد متاثر ہوئے ہیں۔ لندن کے کنگس کالج کے علاوہ نلسار یونیورسٹی آف لا، سینٹ فرانسیس کالج جیسے اداروں سے طالبات نے مختلف شعبہ جات میں ڈگری حاصل کی ہے۔ کے ٹی آر نے کہاکہ آنے والے دنوں میں خواتین کو ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملے گا۔V/1