سمانتھا کی ما انٹی بنگارم جیسی فلمیں تیلگو انڈسٹری کی ضرورت

   

حیدرآباد، 23 جون (آئی اے این ایس) میگا اسٹارچیرنجیوی نے اداکارہ و پروڈیوسر سمانتھا کی کامیاب فلم ما انٹی بنگارم کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیلگو فلم انڈسٹری کو ایسی متنوع فلموں کی ضرورت ہے جن میں خواتین مرکزی کردار میں ہوں۔ چیرنجیوی نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ فلم مشترکہ خاندانی نظام کے پس منظر میں ایکشن اور جذبات کا خوبصورت امتزاج پیش کرتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کار نندنی ریڈی کی منفرد ہدایت کاری اور سمانتھا کی اداکاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر ساڑھی میں فلمائے گئے ایکشن مناظر انتہائی متاثر کن ہیں۔ انہوں نے لکھا تیلگو فلم انڈسٹری کو ایسی فلموں کی ضرورت ہے جن میں تنوع ہو اور خواتین مرکزی کردار ادا کریں۔انہوں نے سمانتھا، نندنی ریڈی، راج اور پوری ٹیم کو فلم کی کامیابی پر مبارکباد بھی دی اور سمانتھا اور راج کے لیے زندگی کے نئے مرحلے پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ رپورٹس کے مطابق ما انٹی بنگارم نے ریلیز کے پہلے ہی دن دنیا بھر میں13.15کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا۔ اس کامیابی پر سمانتھا نے انسٹاگرام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دیکھ کر حوصلہ افزا محسوس ہوا کہ ناظرین اب فلم کو مرد یا خاتون مرکزی کردار کی بنیاد پر نہیں بلکہ اس کے معیارکی بنیاد پر قبول کر رہے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ فلم کے پہلے روزکی کمائی میں خواتین ناظرین کا نمایاں کردار رہا، جو اس تصورکو بدلنے کی جانب ایک مثبت قدم ہے کہ سینما کی ابتدائی کامیابی صرف مرد ناظرین پر منحصر ہوتی ہے۔ سمانتھا نے یہ بھی بتایا کہ فلم میں ان کا کردار سورنا ان کی حقیقی شخصیت کے سب سے زیادہ قریب ہے اور انہوں نے فلم کے تمام ایکشن مناظر خود انجام دیے، جس کی وجہ سے وہ زیادہ حقیقت پسندانہ نظر آتے ہیں۔یاد رہے یہ فلم کامیاب شروعات کے ساتھ ہٹ فلم بننے کی سمت گامزن ہے۔