امیٹھی، 12 جون (یواین آئی )اتر پردیش کے ضلع امیٹھی کی ’میدن مَوئی‘گرام پنچایت کی حتمی ووٹر لسٹ سے سابق مرکزی وزیر اور امیٹھی کی سابق ایم پی سمرتی ایرانی کا نام غائب ہونے کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے ۔ اس واقعے کے بعد ضلع انتظامیہ کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے ہو گئے ہیں، جس کا نوٹس لیتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) سنجے چوہان نے معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ 10جون کو پنچایت انتخابات کے لیے ووٹر لسٹ کی حتمی اشاعت کی گئی تھی، جس میں سمرتی ایرانی کا نام موجود نہیں تھا۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس سے قبل ہونے والے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کی ووٹر لسٹوں میں ان کا نام درج تھا اور انہوں نے سال 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں اسی پولنگ اسٹیشن پر اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال بھی کیا تھا۔ سمرتی ایرانی نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس لیڈر راہول گاندھی کو شکست دے کر امیٹھی سیٹ جیتی تھی۔ ایم پی بننے کے بعد انہوں نے امیٹھی کے اسی ’میدن موئی‘گاؤں میں اپنا ذاتی مکان بھی بنوایا تھا، جس کے بعد ان کا نام مقامی ووٹر لسٹ میں شامل کیا گیا تھا۔