حیدرآبادی خاتون کی کامیابی پر فخر، اسٹانلی کالجس سے تعلیم کا حصول
حیدرآباد۔30۔ ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی کے سندھیا ریڈی کو آسٹریلیا کے سڈنی میں اسٹریتھ فیلڈ میونسپل کونسل کا میئر منتخب کیا گیا ۔ کونسل نے اس سلسلہ میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا اور سندھیا ریڈی جو سابق میں ڈپٹی میئر کے عہدہ پر فائز تھیں ، انہیں کونسل کے 73 ویں میئر کے طور پر منتخب کیا گیا ۔ وہ ستمبر 2028 تک عہدہ پر برقرار رہیں گی ۔ سندھیا ریڈی نے میئر کی حیثیت سے انتخاب پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقامی کمیونٹی کی خدمت کا موقع ملنا کسی اعزاز سے کم نہیں ہے اور وہ اس عہدہ کو ایک اہم ذمہ داری تصور کرتی ہیں ۔ حیدرآباد میں خیریت آباد سے تعلق رکھنے والی سندھیا ریڈی نے اسٹانلی کالج سے انٹرمیڈیٹ تک تعلیم حاصل کی ، اس کے بعد حیدرآباد یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی ۔ وہ 1991 میں آسٹریلیا منتقل ہوگئیں جہاں انہوں نے امیگریشن وکیل کے طور پر خدمات انجام دیں ۔ سندھیا ریڈی نے اپنے شوہر کے ہمراہ آسٹریلیا میں مختلف فلاحی اور سماجی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ 2021 میں پہلی مرتبہ اسٹریتھ فیلڈ کونسل کے کونسلر کے طور پر منتخب ہوئیں۔ 2024 میں انہوں نے دوسری مرتبہ کامیابی حاصل کی اور 2023 میں انہیں ڈپٹی میئر کے عہدہ پر فائز کیا گیا۔ وہ رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی کی رشتہ دار ہیں۔1/k