سنسکرت ٹیچر کی تقرری پر ہنگامہ فضول:مایاوتی

   

لکھنؤ:21 نومبر(سیاست ڈاٹ کام) بنارس ہندو یونیورسٹی میں اقلیتی طبقے کے پی ایچ ڈی اسکالر کا سنسکرت ٹیچر کی حیثیت سے تقرر ی کرنے پر یونیورسٹی انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے بہوجن سماج وادی پارٹی(بی ایس پی) سپریمو مایاوتی نے جمعرات کو کہا کہ حکومت کے تساہلی بھرے رویہ کی وجہ سے اس معاملے کو بے وجہ سیاسی فائدے کے لئے طول دیا جارہا ہے جسے بلاتأخیر ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔محترمہ مایاوتی نے جمعرات کو اپنے ٹوئٹ میں لکھا‘‘ بنارس ہندو یونیورسٹی میں سنسکرت کے ٹیچر کے طور پر پی ایچ ڈی اسکالر فیروز خان کے حوالے سے ہوئے رہے ہنگامے پرحکومت کا تساہلی بھرا رویہ ہی معاملے کو بلا وجہ طول دے رہا ہے ۔ کچھ لوگوں کے ذریعہ تعلیم کو مذہب،ذات سے جوڑنے کی وجہ سے پیدا ہوئے اس تنازع کو قطعی جائز نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔محترمہ مایاوتی نے ایک دوسرے ٹوئٹ میں لکھا‘بی ایچ یو کے ذریعہ ایک نہایت ہی قابل مسلم سنسکرت عالم کو اپنے یہاں ٹیچر کے طور پر تقرر کرنا صلاحیت کو صحیح مقام دینا ہی مانا جائے گا۔ اور اس ضمن میں حوصلہ پست کرنے والی کوئی بھی حرکت کسی کو کرنے کی اجازت بالکل نہیں دی جانی چاہئے ۔ حکومت اس پر فورا دھیان دے تو بہتر ہوگا۔