حیدرآباد 14 جنوری (سیاست نیوز) دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ و آندھراپردیش کے اہم سنکرانتی تہوار کو اپنوں کے ساتھ منانے حیدرآباد سے عوام کی بڑی تعداد ریاست و پڑوسی آندھراپردیش کے اپنے آبائی مقامات پر روانہ ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں حیدرآباد کی سڑکوں پر ٹریفک کم دیکھی جارہی ہے ۔عام دنوں میں عموما سڑکوں پر گاڑیوں کی بڑی تعداد ہوتی ہے جس سے لوگوں کو اپنی منزل کی طرف جانے میں کافی دشواریوں اور ٹریفک مسائل کا سامنا کرناپڑتا ہے لیکن سنکرانتی کے موقع پر سڑکوں پر ٹریفک کم ہوگئی ہے اور ٹریفک کے مسائل بھی پیدا نہیں ہورہے ہیں۔کئی افراد نے اس صورتحال کو خوش آئند قراردیا ہے ۔کئی افراد نے کہا کہ ان کو گھروں کو جانے تقریبا ایک گھنٹہ قبل ازیں درکار تھا تاہم اب وہ نصف گھنٹہ میں گھر پہنچ پارہے ہیں۔