تعمیری کام تیزی سے جاری، یادگار شہیدان تلنگانہ کا ڈیزائن چیف منسٹر کو پیش
حیدرآباد۔/9 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ سکریٹریٹ کے تعمیری کام جنگی خطوط پر جاری ہیں اور توقع ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ جنوری یا فروری میں افتتاح کے مہورت کو قطعیت دیں گے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سنکرانتی کے فوری بعد افتتاح کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ حیدرآباد میں فارمولہ ای ۔ ریس کے ایونٹ سے قبل نئے سکریٹریٹ میں سرکاری کام کاج کے آغاز کی تجویز ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو عہدیداروں نے تعمیری کاموں کی پیشرفت سے واقف کرایا اور شہیدان تلنگانہ کی یادگار کا ڈیزائن پیش کیا۔ فارمولہ ای۔ ریس کے نتیجہ میں حیدرآباد میں سیاحت کو فروغ کا امکان ہے اور اس ایونٹ میں دنیا بھر سے مندوبین شرکت کریں گے۔ نئے سکریٹریٹ میں گنبدوں کو بٹھانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ فارمولہ ای۔ ریس ایونٹ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا ایونٹ بتایا جاتا ہے اور اس ایونٹ کے ذریعہ چیف منسٹر سکریٹریٹ کی عمارت اور اس کی خوبصورتی کو دنیا بھر میں مشہور کرنا چاہتے ہیں۔ دو بڑی گنبدوں کو بٹھانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ لمبنی پارک سے متصل شہیدان تلنگانہ کی یادگار تعمیر کی جارہی ہے۔ سکریٹریٹ کامپلکس 7 منزلوں پر مشتمل رہے گا اور 7 لاکھ مربع فیٹ کی اراضی پر تعمیری کام کئے جارہے ہیں۔ سکریٹریٹ کی تعمیر پر 650 کروڑ روپئے کے خرچ کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ شہیدان تلنگانہ کی یادگار کیلئے 3 لاکھ مربع فیٹ اراضی مختص کی گئی اور یادگار پر مستقل طور پر دِیا روشن رہے گا۔ر