سنگاریڈی میں آئندہ ماہ قومی سطح پر جونیر ایتھلیٹکس مقابلے

   

جامع منصوبہ بندی کے ساتھ انتظامات کرنے عہدیداروں کو ضلع کلکٹر کی ہدایت، کھلاڑیوں کی آمد و رفت کو آسان بنانے کی خواہش
سنگاریڈی۔ 9 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر پرتیک جین نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تلنگانہ اسپورٹس اتھارٹی کے تعاون سے ضلع سنگاریڈی کے ووکسن یونیورسٹی میں آئندہ ماہ 12 تا 17 نومبر منعقد ہونے والے 20ویں قومی بین الاضلاعی جونیئر ایتھلیٹکس میٹ (NIDJAM-2026) کے لیے تمام انتظامات مستحکم اور جامع منصوبہ بندی کے ساتھ مکمل کیے جائیں۔ ضلع کلکٹر نے اپنے چیمبر سے گوگل میٹ کے ذریعے اسپورٹس اتھارٹی، پولیس، محکمہ صحت، آر ڈی او، آر ٹی سی، پنچایت راج اور دیگر متعلقہ محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قومی سطح کے اس اہم کھیلوں کے مقابلے کو کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کے لیے تمام محکمے باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں اور انتظامات پہلے ہی مکمل کرلیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر کے 650 سے زائد اضلاع سے انڈر 14 اور انڈر 16 زمروں کے 6,000 سے زیادہ جونیئر کھلاڑیوں کے علاوہ تقریباً 1,500 کوچس، تکنیکی عہدیداروں اور دیگر اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ کلکٹر نے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ووکسن یونیورسٹی کے احاطے، کھیلوں کے میدانوں اور کھلاڑیوں کی رہائشی جگہوں پر مناسب پولیس بندوبست کیا جائے۔ کھلاڑیوں، عہدیداروں اور اہم شخصیات کی آمد و رفت میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو، اس کے لیے خصوصی ٹریفک انتظامات کیے جائیں۔ کھلاڑیوں، کوچس، تکنیکی عہدیداروں اور دیگر نمائندوں کی آمد و رفت کو آسان بنانے کے لیے 12 نومبر سے 17 نومبر تک سکندرآباد اور لنگم پلی ریلوے اسٹیشنوں، ایم جی بی ایس سمیت اہم ٹرانسپورٹ مراکز سے ووکسن یونیورسٹی تک تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی جی ایس آر ٹی سی) کی خصوصی شٹل بسیں چلانے کی ہدایت دی گئی۔ ضلع کلکٹر پرتیک جین نے واضح کیا کہ قومی سطح پر منعقد ہونے والے اس باوقار کھیلوں کے مقابلے میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں، کوچس، عہدیداروں اور دیگر اہم شخصیات کو کسی قسم کی تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔ تمام محکمے اپنی ذمہ داریوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں اور پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے مربوط انداز میں کام کریں۔ اس جائزہ اجلاس میں ضلع ایس پی شری پریتوش پنکج، ایڈیشنل کلکٹر پانڈو، ضلع میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر للیتا دیوی، سنگاریڈی آر ڈی او راجندر، آر ٹی سی کے عہدیداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔