پرانی پنشن اسکیم کی بحالی کا مطالبہ ، متحدہ جدوجہد کرنے ملازمین سے اپیل
سنگاریڈی ۔ یکم ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کنٹریبیوٹری پنشن اسکیم (سی پی ایس) کو منسوخ کرتے ہوئے پرانی پنشن اسکیم (او پی ایس) بحال کرنے کے مطالبے کے تحت یکم ستمبر کو سنگاریڈی انٹیگریٹڈ کلکٹریٹ کمپلیکس (آئی سی سی) میں ٹی جی ای جے اے سی کی جانب سے سی پی ایس مخالف دن منایا گیا۔ اس پروگرام میں مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور سی پی ایس کے خلاف نعرے بلند کیے۔ٹی جی ای جے اے سی کے چیئرمین محمد جاوید علی اور سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ویدیا ناتھ کی قیادت میں منعقدہ اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ سی پی ایس کی وجہ سے ملازمین اور اساتذہ کو سبکدوشی کے بعد مالی تحفظ کے حوالے سے شدید تشویش لاحق ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر سی پی ایس ختم کرکے سابقہ پرانی پنشن اسکیم بحال کی جائے۔انہوں نے حکومت سے ملازمین کے مسائل کا مثبت انداز میں جائزہ لیتے ہوئے انہیں جلد حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ قائدین نے سی پی ایس کی منسوخی، او پی ایس کی بحالی، زیر التوا ڈی اے کی ادائیگی اور پی آر سی کے نفاذ کے لیے ملازمین کی تنظیموں کی جانب سے جاری جدوجہد میں تمام ملازمین سے متحد ہوکر حمایت کرنے کی اپیل کی۔اس موقع پر ٹی این جی اوز کے سیکریٹری ویلپوری روی، ایسوسی ایٹ صدور کاسینی سری کانت اور وینکٹ ریڈی، خازن سرینواس، ٹی این جی ایس کی ریاستی خاتون نائب صدر نرملا راج کماری، ایچ ڈبلیو کے ریاستی صدر بھاسکر، ریاستی پنچایت سکریٹریز ایسوسی ایشن کے صدر بلرام، ٹی جی او کے سیکریٹری سنتوش، تعلقہ صدور پرمود کمار اور یادو ریڈی، اساتذہ تنظیموں کے قائدین سائیلو اور سوم شیکھر، چوتھے درجہ کے ملازمین کی تنظیم کے صدر محمد شریف کے علاوہ مختلف تنظیموں کے قائدین اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔