سنگا ریڈی اردو میڈیم اسکولوں میں تعلیمی معیار کا جائزہ

   

اکیڈمک پینل انسپیکشن ٹیم کے دورے، تدریسی عمل کی رہنمائی

سنگاریڈی۔ 18 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگاریڈی کے اردو میڈیم سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے، اسکولی ریکارڈس کی جانچ اور طلبہ میں بنیادی خواندگی و عددی مہارتوں کے فروغ کے مقصد سے اکیڈمک پینل انسپیکشن ٹیم کے دورے جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ٹیم نے کندی منڈل کے مختلف اردو میڈیم اسکولوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔نوڈل آفیسر محمد معیز الدین نے بتایا کہ اکیڈمک پینل انسپیکشن ٹیم نے کندی منڈل کے کندی پرائمری اسکول اور کاشی پور پرائمری اسکول کا دورہ کرتے ہوئے اسکولوں میں جاری تعلیمی و تدریسی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس دوران اسکولوں میں موجود مختلف ریکارڈس کی جانچ کے ساتھ ساتھ طلبہ کی تعلیمی پیش رفت، تدریسی طریقہ کار اور کلاس روم سرگرمیوں کا بھی مشاہدہ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ معائنہ کے دوران FLN (Foundational Literacy and Numeracy) پروگرام کے نفاذ پر خصوصی توجہ دی گئی۔ ٹیم نے طلبہ کی بنیادی خواندگی اور عددی صلاحیتوں کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اساتذہ سے پروگرام کے تحت جاری سرگرمیوں، طلبہ کی پیش رفت اور تدریسی طریقوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔اس موقع پر اکیڈمک پینل انسپیکشن ٹیم کے ارکان محمد ارشد اور عرفان حبیب بھی موجود تھے۔ ٹیم نے اساتذہ سے اسکول میں جاری تعلیمی سرگرمیوں اور FLN پروگرام پر عمل آوری کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا اور اسکولی ریکارڈس و تدریسی عمل کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔محمد معیز الدین نے کہا کہ ضلع کے مختلف اردو میڈیم سرکاری اسکولوں کے دوروں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ ان معائنوں کا بنیادی مقصد اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کے معیار کا جائزہ لینے کے ساتھ طلبہ کی بنیادی تعلیمی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا اور اساتذہ کو تدریسی عمل میں درکار رہنمائی فراہم کرنا ہے۔