کورٹلہ میں رکن اسمبلی کے ودیا ساگر راؤ کا بیان
کورٹلہ۔ 11؍دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ کلواکنٹلہ ودیا ساگر راؤ رکن اسمبلی کورٹلہ نے سیاست نیوز کورٹلہ سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی صدر بھارتیہ جنتا پارٹی بنڈی سنجے رکن پارلیمنٹ کریم نگر کو اپنی زبان پر قابو رکھنے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ بنڈی سنجے کی یہ عادت بن چکی ہے کہ وہ جب بھی زبان کھولتے ہیں تو ٹی آر ایس پارٹی کے خلاف گالی گلوچ کرتے ہیں۔ انھوں نے بنڈی سنجے سے کہا کہ اپنی اوچھی حرکتوں سے باز آئیں، بصورت دیگر ٹی آر ایس پارٹی کی جانب سے انھیں منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انھوں نے بنڈی سنجے پر سیاسی مفاد کے لئے اپنی سنگرام یاترا کے ذریعہ ریاست تلنگانہ کی پُرامن فضاء کو بگاڑنے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر جو ریاست تلنگانہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ہر ممکنہ کوشش کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی کورٹلہ جو ہندو۔ مسلم اتحاد و یکجہتی کا گہوارہ ہے، سنگرام یاترا کے موقع پر کورٹلہ میں جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے اپنی زہریلی تقریر سے کورٹلہ کی پُرامن فضاء کو بگاڑنے کی جو کوشش کی جائے، وہ کم ہے۔ انھوں نے کہا کہ کے سی آر پر مسلمانوں کو اہمیت دینے اور ہندوؤں کو نظر انداز کرنے کا جو الزام عائد کیا ہے، اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ کے سی آر تلنگانہ کے تمام طبقات کے چہروں پر خوشی دیکھنے کے خواہاں ہیں۔ ودیا ساگر راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی حکومت کی جانب سے شروع کی گئیں فلاحی و ترقیاتی اسکیمات سے ریاست تلنگانہ کے تمام طبقات مستفید ہورہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بنڈی سنجے اپنی زہریلی تقاریر سے نفرت کا زہر گھولنے کی لاکھ کوشش کرلیں، تلنگانہ کے عوام ان کے جھانسہ میں آنے والے نہیں ہیں۔