سنگم اگین میں اجے دیوگن کے ساتھ اکشے کمار کا بھی کردار

   

ممبئی ۔ بلاک بسٹر فلموں کے پروڈیوسر ڈائریکٹر روہت شیٹی جلد ہی اپنی اگلی کاپ یونیورس فلم سنگھم اگین کے ساتھ ناظرین تک پہنچنے والے ہیں۔ فلم میں اجے دیوگن مرکزی کردار میں ہوں گے۔ اس کے ساتھ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اس فلم میں لیڈی سنگھم کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔ یہ روہت شیٹی کی بہت مشہور پولیس کائنات کی اگلی فلم ہے۔ جس کے بارے میں ان دنوں کافی چرچا ہے۔ اس سے قبل یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ سمبا اور سوریاونشی کی طرح رنویر سنگھ اور اسٹار اکشے کمار بھی سنگھم اگین میں طاقتور لیکن مختصر کردار میں نظر آئیں گے۔ اب ان رپورٹس کی تقریبا تصدیق ہوچکی ہے۔ بالی ووڈ ہنگامہ کی ایک رپورٹ پر یقین کیا جائے تو ہدایت کار روہت شیٹی کی اس فلم میں اکشے کمار اپنی فلم سوریاونشی کے کردار میں ایک طاقتورکیمیو کرتے نظر آئیں گے۔ ان خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے فلم کے قریبی ذرائع نے کہا مارول یونیورس کی طرح یہ بھی بالکل مختلف دنیا ہے۔ جہاں فلم میں دیگر ستاروں کے کیمیوز بھی دکھائے جائیں گے۔ سنگھم اگین میں بھی ایک کیمیو ہے، بالکل سمبا کی طرح جہاں اجے اور اکشے دونوں ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئے تھے۔ اس کے بعد رنویر اور اجے دیوگن سوریاونشی میں ایک ساتھ نظر آئے۔ اکشے کمار اور رنویر سنگھ بھی سنگھم اگین میں نظر آنے والے ہیں۔ ذرائع نے بتایا، ان فلموں کو ایک دوسرے کے ساتھ ملا کر بنانے کا منصوبہ ہے۔ جس میں تینوں ستارے فلم میں اپنے اپنے کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔