سوئٹزرلینڈ میں سینکڑوں برطانوی سیاح قرنطینہ سے فرار

   

جنیوا : سینکڑوں ایسے برطانوی سیاح جنہیں کورونا وائرس کی تبدیل شدہ شکل کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سوئٹزرلینڈ کے اسکیئنگ کے لیے معروف ایک سیاحتی مقام ویربیے میں ہی قرنطینہ کے طور پر رْکنے کا حکم دیا گیا تھا، وہ وہاں سے غائب ہو گئے ہیں۔ یہ مقام خاص طور پر برطانوی سیاحوں میں بے حد مقبول ہے۔ سوئس حکام کے مطابق ان میں سے کچھ سیاح پڑوسی ملک فرانس پہنچ گئے ہیں۔سوئس میونسپلٹی بانڑے کے ترجمان ڑاں مارک ساندوز کے مطابق سوئس حکام نے ایسے 420 برطانوی سیاحوں کو شناخت کیا ہے جنہیں کرسمس سے قبل حکم دیا گیا تھا کہ وہ ویربیے میں ہی قرنطینہ رہیں۔ان میں سے قریب 50 سیاح فوری طور پر وہاں سے نکل گئے جبکہ 370 دیگر میں سے محض ایک درجن سے بھی کم لوگ اتوار کے روز تک اس مقام پر موجود تھے۔ ڑاں مارک ساندوز کے بقول ان میں کچھ مہمان فرانس نظرآئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا، ”ان میں سے زیادہ تر ایک دن تو قرنطینہ میں رہے جس کے بعد وہ خفیہ طور پر رات کے اندھیرے میں وہاں سے نکل گئے۔‘‘مقامی میڈیا کے مطابق ان ہوٹلوں کی انتظامیہ کو جہاں یہ سیاح رہائش پذیر تھے، اس وقت شبہ ہوا جب انہیں قرنطینہ والے کمروں سے بار بار رابطہ کرنے کے باوجود بھی کوئی جواب نہیں ملا اور ان کے کمروں کے سامنے رکھی گئی خوراک کو کسی نے چھوا تک نہیں۔