سوریہ پیٹ میں خطرناک سڑک حادثہ۔5افراد ہلاک

   

حیدرآباد 13 نومبر (یو این آئی) ضلع سوریہ پیٹ میں خطرناک سڑک حادثہ میں 5 افراد ہلاک اوردیگر کئی زخمی ہوگئے ۔یہ حادثہ کل شب منگالا۔سوریہ پیٹ کے نواح کی قومی شاہراہ پر پیش آیا جب لاری ڈرائیور نے اس کاتوازن کھودیااور یہ لاری، رانگ سائیڈ آنے والے ٹریکٹر سے ٹکراگئی۔ذرائع نے بتایا کہ حادثہ کا سبب بننے والی لاری،حیدرآباد سے وجئے واڑہ جارہی تھی ۔ ساگرلفٹ کنال کی مندرمیں درشن کے بعد منوگالا کے ساکن 38افراد ٹریکٹر میں گاوں واپس ہورہے تھے ۔ان کا ٹریکٹر رانگ روٹ پر تھا۔ گاوں جلد واپس ہونے ٹریکٹر کا ڈرائیور رانگ روٹ پر گاڑی چلارہا تھا۔حادثہ اتنا شدید تھا کہ 5افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے اور کئی دیگر زخمی ہوگئے ۔اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی ۔پولیس اور مقامی افراد نے گاڑیوں سے لاشوں کے ساتھ زخمیوں کو نکالا،لاشوں کو پوسٹ مارٹم اورزخمیوں کو علاج کیلئے اسپتالوں کو پہونچایا ۔ 15زخمیوں کو سوریہ پیٹ، کھمم اور حیدرآباد کے مختلف اسپتالوں کو منتقل کیاگیا جبکہ بعض دیگر کو پرائیویٹ اسپتال پہنچایاگیا۔دو زخمی خواتین کو حیدرآباد منتقل کیاگیا۔ ان خواتین کی حالت تشویشناک ہے ۔پولیس نے بتایا کہ مہلوکین میں تین خواتین، ایک لڑکا،ایک ضعیف شخص شامل ہے ۔مہلوکین کا تعلق ایک گاوں سے ہونے سے گاوں میں غم کی لہر دوڑگئی ۔حادثہ کا مقام دلخراش منظر پیش کررہا تھا۔ پولیس نے جدوجہد کے بعد دونوں گاڑیوں کو ہٹاکر روٹ کو ٹریفک کیلئے بحال کیا۔پولیس نے ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔