سوریہ پیٹ میں پولیس کی گاڑی کا ہی سرقہ کرلیا گیا ۔ چند گھنٹوں میں گاڑی دستیاب

   

چور ۔ پولیس کا کھیل ۔ کون جیتا ‘ کون ہارا

حیدرآباد /15 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے سوریہ پیٹ میں پولیس کی گاڑی کا سرقہ کرلیا گیا۔ چوروں کی تلاش میں مصروف پولیس کی گاڑیوں کا ایک چور نے سرقہ کرلیا اور فرار ہوگیا۔ اس واقعہ کو راز میں رکھنے کی پولیس کی کوشش ناکام ہوئی جو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ چور، پولیس کے کھیل میں پولیس پر چور کی سبقت سماجی گوشوں میں موضوع بحث اور پولیس کی چوکسی پر سوالیہ نشان بن گئی تاہم چند گھنٹے کی مشقت و انتھک کوشش کے بعد پولیس نے پولیس کی گاڑی کو برآمد کرلیا جو چور کی مہربانی سے پولیس کے ہاتھ لگی۔ اس پٹرولنگ گاڑی میں ڈیزل ختم ہونے کے سبب چور نے گاڑی کو کوداڑ ضلع نلگنڈہ میں روک دیا۔ چند گھنٹوں کیلئے پولیس کو بڑا چیلنج پیش کرنے والا چور گرفتار کرلیا گیا۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے گاڑی تک رسائی پانے والی پولیس نے گاڑی اور چور کو پکڑلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سوریہ پیٹ پولیس اسٹیشن کا پٹرولنگ عملہ پٹرولنگ گاڑی میں گشت کررہا تھا جیسے ہی پولیس کی گاڑی بس اسٹیشن سوریہ پیٹ علاقہ میں پہنچی عملہ گاڑی سے اترا اور بس اسٹاپ کے قریب پہنچا۔ اس دوران پولیس کا عملہ گاڑی سے چابی نکالنا بھول گیا جو سرقہ کی اصل وجہ بنا۔ چور جو پولیس کی آنکھ میں دھول جھونک کر پہلے ہی گاڑی پر نظر رکھا ہوا تھا اس نے عملہ کی غفلت کا فائدہ اٹھاکر گاڑی فوری اسٹارٹ کی اور فرار ہوگیا۔ پولیس کا عملہ اس بھرم میں تھا کہ پولیس کی گاڑی کا کون سرقہ کرے گا۔ پولیس کا اطمینان اور بھرم زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہااور ایک چور چیلنج کرتے ہوئے گاڑی لے کر فرار ہوگیا۔ کے سرقہ کے بعد پولیس ملازمین کے پیروں تلے زمین کھسک گئی اور وہ حرکت میں آگئے۔ رات دیر گئے اس واقعہ کی اطلاع جب اعلیٰ عہدیداروں کو دی گئی تو ان کی نیند اُڑ گئی اور فوری ساری توجہ پٹرولنگ گاڑی پر مرکوز کردی ۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ اور اہم راستوں کی ناکہ بندی و چوکسی کی ہدایت دے کر کیمروں کی جانچ کی گئی۔ بالآخر گاڑی کوداڑ علاقہ میں دستیاب ہوئی اور چور بھی گاڑی کے قریب موجود تھا۔ پولیس اس چور کے متعلق تحقیقات کررہی ہے جس نے پولیس کو چونا لگاکر پولیس کی گاڑی کا ہی سرقہ کرلیا۔ عوام کو پولیس عہدیداروں کی اس کارروائی کا انتظار ہے جو غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے عملے کے خلاف کی جائیگی ۔ اس واقعہ نے تلنگانہ پولیس کی چوکسی کی قلعی کھول دی۔ جہاں ضلع بھر کی پولیس کو ایک چور نے رات دیر گئے کام پر لگادیا تھا۔ع