سوشیل میڈیا پر افواہوں کے خلاف سخت کارروائی انتباہ

   

جگتیال میں ایڈیشنل ایس پی دکشنا مورتی کی پریس کانفرنس
جگتیال۔/3 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سماج میں سوشیل میڈیا کے ذریعہ کورونا وائرس سے متعلق غلط خبروں اور افواہوں کو پھیلاتے ہوئے مذہبی جذبات کو بھڑکانے اور خوف پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار جگتیال ایڈیشنل ایس پی دکشنا مورتی نے پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سوشیل میڈیا پر غلط خبریں اور افواہیں پھیلانے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے ان پر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ان کے پاس سے سیل فونس ضبط کرتے ہوئے انہیں ریمانڈ میں دے دیا گیا۔ کورونا وائرس کے متعلق ریاستی حکومت نے ضلع کے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے ہیں لیکن چند شرپسند افراد سماج کے درمیان کورونا وائرس کے متعلق سوشیل میڈیا پر دوسروں کو غلط پوسٹ کرتے ہوئے خوف پیدا کرنے اور جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ایسے افراد پر سخت کارروائی اور مقدمات درج کرتے ہوئے ان کے سیل فونس اور کمپیوٹرس اور لیاب ٹاپ کو ضبط کرلیا جائے گا اور واٹس اپ گروپ ایڈمن پر ذمہ داری ہے کہ وہ اس طرح کے پوسٹ نہ کئے جائیں۔ دیگر صورت میں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ حکومتی ادارے اور محکمہ پولیس عوام کیلئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ کورونا کی روک تھام کیلئے عوام کا تعاون ضروری ہے اور عوام افواہوں پر توجہ نہ دیں اور غلط خبروں کو پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔عوام لاک ڈاؤن پر عمل کریں اور گھروں سے غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔