سومیش کمار کیلئے ہائی کورٹ میں مشکلات نئی حکومت نے درخواست واپس لے لی

   

حیدرآباد۔/17 جنوری، ( سیاست نیوز) سابق بی آر ایس حکومت کے مشیر اعلیٰ اور ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار سومیش کمار کیلئے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے سومیش کمار کو ایک سال قبل تلنگانہ کیڈر ترک کرتے ہوئے آندھرا پردیش کیڈر جوائن کرنے کی ہدایت دی تھی جسے کانگریس کی نئی حکومت نے قبول کرلیا ہے۔ آندھرا پردیش کیڈر سے تعلق کے باوجود سومیش کمار سنٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل کے احکامات پر تلنگانہ میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد انہوں نے آندھرا پردیش حکومت میں رپورٹ کیا اور رضاکارانہ سبکدوشی اختیار کرلی۔ واضح رہے کہ بی آر ایس حکومت نے سومیش کمار کو تلنگانہ میں خدمات انجام دینے کی اجازت کیلئے ہائی کورٹ میں ریویو پٹیشن داخل کیا تھا۔ ریونت ریڈی حکومت نے گذشتہ دنوں ہائی کورٹ میں درخواست داخل کرتے ہوئے سابق حکومت کے ریویو پٹیشن سے دستبرداری کی اطلاع دی ہے۔ ہائی کورٹ نے 10 جنوری 2023 کو مرکزی حکومت کے حق میں فیصلہ سنایا تھا جس میں سنٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل کے احکامات کو چیلنج کیا گیا تھا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے ریاستوں کے الاٹمنٹ کے باوجود سومیش کمار ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل کے احکامات پر تلنگانہ میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ ہائی کورٹ نے واضح کردیا تھا کہ الاٹمنٹ کا اختیار مرکزی حکومت کا ہے۔ ہائی کورٹ کے فیصلہ کے فوری بعد مرکزی حکومت نے سومیش کمار کو تلنگانہ سے اپنی الاٹمنٹ والی ریاست آندھرا پردیش واپس جانے کی ہدایت دی تھی۔ سومیش کمار کی برقراری کیلئے سابق حکومت نے اپیل دائر کی تھی لیکن نئی حکومت نے اپیل سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ سومیش کمار کے مسئلہ پر ہائی کورٹ کا قطعی فیصلہ کیا رہے گا۔1