پنجی؍چندی گڑھ: ہریانہ کے حصار ضلع سے تعلق رکھنے والی بی جے پی لیڈر اور اداکارہ سونالی پھوگاٹ کی گوا میں دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی ۔ پھوگاٹ کی عمر42 سال تھی ۔ وہ اپنے کچھ ملازمین کے ساتھ گوا کے دورے پر تھی۔ ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کیلئے مشہور پھوگٹ کو ریئلٹی شو بگ باس میں بھی دیکھا گیا تھا۔ انہیں بے چینی کی شکایت کے بعد پیرکی رات شمالی گوا ضلع کے انجونا کے سینٹ انتھونی ہاسپٹل لے جایا گیا۔ گوا کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس جسپال سنگھ نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ پھوگاٹ نے انجونا کے کرلیز ریستوراں میں بے چینی کی شکایت کی تھی، جس کے بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا تھا۔ معاملے میں کسی قسم کی سازش کا شبہ نہیں ہے۔ سنگھ نے کہا ان کے جسم پر کوئی زخم کے نشان نہیں ہیں۔ موت کی صحیح وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔